سینیگال کے ساحل کے قریب تارکینِ وطن کی کشتی ڈوب جانے سے کم از کم 34 افراد ہلاک

سینیگال کے ساحل کے قریب تارکینِ وطن کی کشتی ڈوب جانے سے کم از کم 34 افراد ہلاک

مغربی افریقی ملک سینیگال کے ساحل کے قریب یورپ جانے والے تارکینِ وطن کی ایک کشتی ڈوب جانے سے کم از کم 34 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ متعدد افراد لاپتہ ہیں۔

سینیگال کی وزارتِ داخلہ کے مطابق حادثے میں صرف ایک شخص کو بچایا جا سکا ہے۔ لکڑی کی یہ کشتی دارالحکومت ڈاکار اور شمالی شہر سینٹ لوئس کے درمیان سپین کے جزائر کینری جاتے ہوئے الٹ گئی۔

سینیگال کی امدادی تنظیم بوزا فائی کے سربراہ کے مطابق اب تک ملنے والی تمام لاشیں سینیگالی شہریوں کی ہیں جبکہ دیگر مسافروں کی قومیت معلوم نہیں ہو سکی۔

سینیگال کے صدر نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ خطرناک سمندری راستوں سے یورپ جانے کی کوشش میں اپنی جانیں خطرے میں نہ ڈالیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب سپین کے جزیرے ال ہیرو میں تارکینِ وطن کی آمد میں اضافے کے بعد ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔ مقامی حکام کے مطابق نومبر کے آغاز سے اب تک 30 سے زائد کشتیوں کے ذریعے تین ہزار تین سو سے زیادہ افراد جزیرے پہنچ چکے ہیں۔

Back to top button
Translate »