جموں کشمیر: دلدوز سڑک حادثے میں 10فوجی ہلاک

جموں کشمیر: دلدوز سڑک حادثے میں 10فوجی ہلاک

جموں (عامر تانترے) : صوبہ جموں کے پہاڑی ضلع ڈوڈہ میں جمعرات کو دلدوز سڑک حادثے میں کم از کم 10 فوجی اہلکار ہلاک جبکہ 11 دیگر زخمی ہو گئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ حادثہ بھدرواہ – چھمبہ روڑ پر تھنالا کے بالائی علاقے میں پیش آیا۔

بھدرواہ کی بلاک میڈیکل آفیسر، ڈاکٹر ورشا شرما نے حادثہ میں فوجی اہلکاروں کی تصدیق کرتے ہوئے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ایک گاڑی میں مجموعی طور پر 21 فوجی اہلکار سوار تھے اور گاڑی سڑک سے پھسل کر کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں 10 فوجی اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ حادثہ میں شدید زخمی ہوئے دس اہلکاروں کو بہتر علاج کے لیے اعلیٰ طبی مراکز منتقل کیا گیا۔ جبکہ ایک فوجی اہلکار کو معمولی چوٹیں آئی ہیں، ان کا علاج بھدرواہ اسپتال میں ہی جاری ہے۔
حکام کے مطابق فوجی گاڑی ضلع کے تھنالا کے قریب کھنی ٹاپ کے مقام پر حادثے کا شکار ہوئی۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ سڑک پر جمی برف کے باعث پھسلن کی وجہ سے فوجی گاڑی بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری، جس سے جانی نقصان پیش آیا۔حادثے کے فوراً بعد سینئر پولیس اور فوجی افسران سب ضلع اسپتال بھدرواہ پہنچ گئے، جہاں انہوں نے زخمیوں کو فراہم کیے گئے علاج اور بہتر طبی امداد کے لیے دیگر طبی مراکز منتقل کرنے کے عمل کی نگرانی کی۔ دریں اثنا، جی ایم سی ڈوڈہ سے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل عملے کی ٹیم ایمبولینسز کے ساتھ موقع پر تعینات کی گئی ہے۔

Back to top button
Translate »