سود پور کی ایک رہائشی عمارت میں دو بہنوں کی پراسرار موت، کیا فاقہ کشی بنی وجہ؟
سود پور کی ایک رہائشی عمارت میں دو بہنوں کی پراسرار موت، کیا فاقہ کشی بنی وجہ؟
بارک پور23دسمبر: شمالی 24 پرگنہ کے سود پور میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ سے دو بہنوں کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ پولیس نے اطلاع ملتے ہی لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ موت کی اصل وجہ کیا ہے؟ بیماری، فاقہ کشی یا کچھ اور؟ پولیس نے ان سوالات کے جواب تلاش کرنے کے لیے تفتیش شروع کر دی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ متوفین کی شناخت 61 سالہ سبیتا دتہ چٹوپادھیائے اور 57 سالہ کنیکا دتہ کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں بہنیں سود پور کی ایک ہاو¿سنگ سوسائٹی میں رہتی تھیں اور پڑوسیوں کے مطابق وہ کسی سے زیادہ میل جول نہیں رکھتی تھیں۔ گزشتہ چند دنوں سے پڑوسیوں نے انہیں نہیں دیکھا تھا، جس پر شک ہونے کے بعد کھردہ تھانے کو مطلع کیا گیا۔ پولیس جب فلیٹ میں داخل ہوئی تو وہاں سے دونوں کی لاشیں ملی۔
موت کی وجہ تاحال واضح نہیں ہے، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں معمر خواتین کی دیکھ بھال کرنے والا کوئی نہیں تھا۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ طویل عرصے سے فاقہ کشی کا شکار تھیں، جو ان کی موت کا سبب بنی۔ تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی موت کی اصل وجہ سامنے آ سکے گی۔ پولیس اب متوفین کے رشتہ داروں اور پڑوسیوں سے رابطہ کر رہی ہے تاکہ واقعے کی مکمل تصویر واضح ہو سکے۔

