40 لاکھ روپے کے گوبند بھوگ چاول لے کر ٹرک ڈرائیور غائب
40 لاکھ روپے کے گوبند بھوگ چاول لے کر ٹرک ڈرائیور غائب

کولکاتا26دسمبر:چاول کی مل سے دوسری ریاست جانے والا 25 ٹن گوبند بھوگ چاول سے لدا ٹرک راستے سے ہی ‘غائب’ ہو گیا۔ مل حکام نے اس سلسلے میں پولیس سے رجوع کیا ہے۔ یہ واقعہ جمعہ کو پوربا بردھمان کے مادھو ڈیہی تھانہ علاقے میں پیش آیا۔
مادھو ڈیہی تھانہ کے علاقے بل چندر پور میں واقع مل کے مالک سنت دتہ نے بتایا: "یہ واقعہ 20 دسمبر کا ہے۔ اس دن شام کو پلم پور کے پائنیئر ٹرانسپورٹ کے ذریعے ایک ٹرک میں 25 ٹن گوبند بھوگ چاول لدا گیا تھا۔ ٹرک کو کیرالہ جانا تھا، لیکن وہ اپنی منزل پر نہیں پہنچا۔ ٹرک ڈرائیور کا بھی کوئی سراغ نہیں مل رہا۔” انہوں نے مزید بتایا کہ 22 دسمبر سے وہ مسلسل ڈرائیور اور ٹرک مالک سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ناکام رہے۔ چاول چوری ہونے کے شبے میں انہوں نے ٹرک کے نمبر کے ذریعے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی، جس کے بعد وہ پولیس کے پاس پہنچے۔
مل مالک کا دعویٰ ہے کہ ٹرک میں 40 لاکھ روپے مالیت کے چاول تھے۔ انہیں معلوم ہوا ہے کہ جس ٹرک پر چاول لدا گیا تھا، اس کی نمبر پلیٹ ‘جعلی’ تھی۔ گاڑی کی ملکیت سے متعلق فراہم کردہ معلومات بھی غلط نکلی۔ بعد میں پتہ چلا کہ اس نمبر کی اصل گاڑی کا مالک اس وقت ضلع ہوغلی میں ہے۔ جب ٹرانسپورٹ کمپنی کے مالکان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اسے ایک "بڑی غلطی” تسلیم کیا۔ اس کے بعد مل مالک نے مادھو ڈیہی تھانے میں واقعے کی تفصیلی شکایت درج کرائی ہے۔

