نندی گرام معاملے کی فائل دوبارہ کوھلی جائے گی : شوبھندو کا اعلان

نندی گرام معاملے کی فائل دوبارہ کوھلی جائے گی : شوبھندو کا اعلان

سی پی آئی ایم نے 11 افراد کے ٹکڑے ٹکڑے کرکے سمندر میں پھینک دیا تھا! لکشمن سیٹھ جیل میں رہے، لیکن انصاف نہیں ملا“، نندی گرام دیوس پر وزیر اعلیٰ کا بیان
نندی گرام معاملے کی ’فائل‘ دوبارہ کھولی جائے گی۔ چند روز قبل گڑبیتا کی ایک عوامی ریلی میں وزیر اعلیٰ شوبھیندو ادھیکاری نے اس کا اعلان کیا تھا۔ منگل کے روز نندی گرام دیوس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بائیں محاذ کے دورِ حکومت کی مبینہ ’درندگی‘ کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی آئی ڈی کی تحقیقات کے باوجود عدالتی کارروائی مکمل نہیں ہوئی اور مجرموں کو سزا نہیں ملی۔ اب اس معاملے میں نئے سرے سے ایف آئی آر درج کی جائے گی۔
بائیں محاذ کے دورِ حکومت میں 10 نومبر 2007 کو مشرقی مدنی پور کے نندی گرام میں سوناچوڑہ سے مہیش پور تک بھومی ا±چھید پرتیرودھ کمیٹی کی جانب سے ایک ریلی نکالی گئی تھی۔ الزام ہے کہ راستے میں اس وقت حکمراں جماعت سی پی آئی ایم کے حمایت یافتہ شرپسندوں نے ریلی پر حملہ کیا تھا۔ یہ واقعہ ’آپریشن سوریودے‘ کے نام سے مشہور ہوا۔ اس واقعے میں دو افراد کی موت ہوئی تھی، جبکہ پولیس ریکارڈ کے مطابق 12 افراد لاپتہ تھے۔
ریاست میں ترنمول کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد ہر سال اس دن پروگرام منعقد کیے جاتے تھے۔ تاہم، شوبھیندو ادھیکاری کے بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد دونوں سیاسی جماعتوں نے الگ الگ پروگرام منعقد کرنا شروع کر دیے۔ اس کے بعد ’شہید دیوس‘ منانے کو لے کر دونوں جماعتوں کے درمیان کافی رسہ کشی دیکھنے کو ملی۔
اس بار بھی سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی نے ’آپریشن سوریودے‘ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا۔ وہیں وزیر اعلیٰ شوبھیندو نے سوشل میڈیا پر لکھا، ”نندی گرام کا مطلب ہے بری طاقتوں کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہونے کی جدوجہد۔ آج خون آلود سوریودے کی 19ویں برسی ہے۔“
منگل کی دوپہر نندی گرام کے گوکل نگر میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زمین کی تحریک میں ترنمول کانگریس کا کوئی کردار نہیں تھا۔ یہ لڑائی نندی گرام کے عوام اور اس وقت کی بائیں محاذ حکومت کے درمیان تھی۔
وزیر اعلیٰ نے الزام لگایا کہ 19 سال گزر جانے کے باوجود اس واقعے میں اب تک انصاف نہیں ملا۔ مبینہ درندگی کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ”مجموعی طور پر 11 افراد کو ہاتھ پیچھے باندھ کر لے جایا گیا تھا۔ انہیں باراتلا علاقے کے گرام پنچایت دفتر میں رکھا گیا۔ اس کے بعد ان زندہ لوگوں کو کاماردہ لے جایا گیا۔ وہاں سی پی آئی ایم کے دفتر میں ان کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیے گئے۔ اگلے دن انہیں تھیلوں میں بھر کر گہرے سمندر میں پھینک دیا گیا!“شوبھیندو نے مزید کہا، ”بعد میں اس معاملے کی سی آئی ڈی تحقیقات ہوئی تھیں۔ سابق رکن پارلیمنٹ لکشمن سیٹھ کو 181 دن جیل میں رہنا پڑا، لیکن اس کے باوجود انصاف کا عمل مکمل نہیں ہوا۔“
Back to top button
Translate »