ترنمول کانگریس کی سپریمو ممتا بنرجی اور ابھیشیک بنرجی الیکشن کمیشن کے دہلی دفتر پہنچے
ترنمول کانگریس کی سپریمو ممتا بنرجی اور ابھیشیک بنرجی الیکشن کمیشن کے دہلی دفتر پہنچے

کولکاتا2فروری :ترنمول کانگریس کی سپریمو ممتا بنرجی اور ابھیشیک بنرجی الیکشن کمیشن کے دہلی دفتر پہنچے۔ وفد کے تقریباً تمام ارکان نے سیاہ چادریں یا سیاہ لباس زیب تن کر رکھا ہے، اور وہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سمیت مکمل بنچ کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔ترنمول کانگریس ایسے 50 ووٹروں کو دہلی لے کر گئی ہے جو زندہ ہونے کے باوجود الیکشن کمیشن کے ریکارڈ میں ‘مردہ’ درج ہیں۔ اس کے علاوہ مزید 50 ایسے افراد کو بھی لے جایا گیا ہے جن کے خاندان کا کوئی نہ کوئی رکن مبینہ طور پر ‘ایس آئی آر (SIR) کی وجہ سے’ ہلاک ہو گیا ہے۔ ممتا بنرجی اور ابھیشیک بنرجی ان متاثرین میں سے چند افراد کو اپنے ساتھ لے کر کمیشن کے دفتر پہنچے ہیں۔ ان کے ساتھ ترنمول کے رکن پارلیمان کلیان بنرجی بھی موجود ہیں۔ممتا بنرجی اور ان کے ساتھ موجود ‘ایس آئی آر کے متاثرین’ نے احتجاجاً سیاہ لباس پہن رکھا ہے۔ کسی نے کالی چادر اوڑھ رکھی ہے تو کسی نے کالی سویٹر پہن رکھی ہے، جو کہ عام طور پر احتجاج کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
ممتا بنرجی اور ابھیشیک بنرجی شام 4 بجے کے بعد الیکشن سدن پہنچے۔ اس سے قبل پیر کی صبح سے ہی دہلی میں ‘بنگا بھون’ کے باہر اچانک دہلی پولیس کی غیر معمولی سرگرمی دیکھی گئی۔ الزام ہے کہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور اندر تلاشی لی گئی۔ یہ خبر ملتے ہی ممتا بنرجی وہاں پہنچ گئیں اور کمیشن کے ساتھ ملاقات سے قبل ہی دارالحکومت میں احتجاجی ماحول تیار کر دیا۔
واضح رہے کہ مغربی بنگال سمیت ملک کی 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی (SIR) کا کام جاری ہے۔ ترنمول کانگریس شروع سے ہی اس کے خلاف آواز اٹھا رہی ہے۔ اسی معاملے پر تبادلہ خیال کے لیے الیکشن کمیشن نے ترنمول کے وفد کو پیر کی شام 4 بجے کا وقت دیا تھا۔ اسی میٹنگ میں شرکت کے لیے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی دہلی میں موجود ہیں۔


