آر جی کر کی مقتولہ کے والدین نے ممتا بنرجی انصاف کے لیے عدالت میں جرح کرنے کی اپیل کی
آر جی کر کی مقتولہ کے والدین نے ممتا بنرجی انصاف کے لیے عدالت میں جرح کرنے کی اپیل کی

شمالی 24 پرگنہ: آر جی کر کی مقتولہ کے والدین نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے اپنی بیٹی کے انصاف کے لیے عدالت میں جرح کرنے کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جس طرح ممتا بنرجی نے حال ہی میں سپریم کورٹ میں ایس آئی آر کیس کی سماعت کے دوران عام لوگوں کی طرف سے وکالت کی تھی، اسی طرح وہ تلوتما کے قتل اور عصمت دری کے کیس میں بھی انصاف کے لیے جرح کریں۔ اس بار بھی ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت نہیں ہو سکی، جس پر مقتولہ کی ماں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا، "ہم 36 بار ہائی کورٹ سے اپنی بیٹی کے کیس کی سماعت ہوئے بغیر واپس لوٹ رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے جس طرح گاو¿ن پہن کر سپریم کورٹ میں جرح کی ہے، اسی طرح میری بیٹی کے کیس کے لیے بھی وہ وکیل کا گاو¿ن پہن کر نگرانی کریں۔ وہ تو وزیر اعلیٰ اور وزیر صحت بھی ہیں۔”ہفتہ کے روز بھی ہائی کورٹ میں تلوتما کیس کی سماعت مقرر تھی، لیکن اس دن بھی سماعت نہیں ہوئی۔ مقتولہ کی ماں کا الزام ہے کہ یہ 36 واں دن ہے۔ انہوں نے کہا، "جج صاحب کیس نہیں سن رہے ہیں۔ اگلے کیسز کی سماعت ہو رہی ہے لیکن تلوتما کا کیس لٹکا ہوا ہے۔ تلوتما کے کیس کی سماعت کیوں نہیں ہو رہی، اس کا کوئی تسلی بخش جواب والدین کے پاس نہیں ہے۔”قابل ذکر ہے کہ تلوتما کیس کی تحقیقات کے دوران ہی تفتیشی افسر سیما پاہوجا کی ترقی (پروموشن) ہو گئی ہے۔ جب خاندان بار بار آر جی کر کی تحقیقات پر سوال اٹھا رہا ہے، ایسے وقت میں سی بی آئی کی تفتیشی افسر کو ترقی دی گئی ہے۔ سیما پاہوجا اب ایس پی (پولیس سپرنٹنڈنٹ) کے عہدے پر فائز ہو گئی ہیں۔ تقرری کے وقت وہ ایڈیشنل ایس پی تھیں۔ جمعرات کو ان کی ترقی ہوئی، وہ چندی گڑھ اینٹی کرپشن برانچ سے وابستہ تھیں۔

