ابھیشیک نے واٹس ایپ چیٹ ’لیک‘ کر دی! الزام: سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن ووٹرز کے نام نکالنے کی ہدایت دے رہا ہے
ابھیشیک نے واٹس ایپ چیٹ ’لیک‘ کر دی! الزام: سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن ووٹرز کے نام نکالنے کی ہدایت دے رہا ہے
ترنمول کانگریس کے آل انڈیا جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی نے الیکشن کمیشن پر سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کا سنگین الزام لگایا ہے۔ انہوں نے کمیشن کے اندرونی واٹس ایپ گروپ کے اسکرین شاٹس عوامی کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ مائیکرو آبزرورز کے ذریعے ووٹرز کے نام فہرست سے نکالے جا رہے ہیں۔
بدھ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ابھیشیک نے براہ راست سوال اٹھایا کہ کیا الیکشن کمیشن سمجھتا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے حکم کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر سکتا ہے؟ ابھیشیک کی جانب سے شیئر کیے گئے اسکرین شاٹس میں ‘ERMO South 24 Parganas’ نامی گروپ دیکھا جا سکتا ہے، جس میں مبینہ طور پر اسپیشل رول آبزرور سی مروگن مائیکرو آبزرورز کو پیدائشی سرٹیفکیٹ کی قبولیت کے حوالے سے براہ راست ہدایات دے رہے ہیں۔
ابھیشیک بنرجی کے اہم الزامات:
-
اختیارات کا غلط استعمال: ابھیشیک کے مطابق سپریم کورٹ نے واضح کیا ہے کہ مائیکرو آبزرورز کا کردار صرف معاونت اور معلومات جمع کرنے تک محدود ہے، وہ کوئی انتظامی یا پالیسی ساز فیصلہ نہیں لے سکتے۔ لیکن کمیشن ان سے ووٹرز کے نام خارج کروانے کا کام لے رہا ہے۔
-
خفیہ ہدایات: قانونی اور جوابدہ طریقہ کار کے بجائے واٹس ایپ کے ذریعے ہدایات دی جا رہی ہیں تاکہ ووٹر لسٹ سے نکالے گئے ناموں کی تعداد بڑھائی جا سکے۔
-
لاگ ان ڈیٹا میں ہیرا پھیری: انہوں نے الزام لگایا کہ رول آبزرورز ضلع کی سطح پر مقرر ہیں، لیکن ان کے لاگ ان آئی ڈی کولکتہ کے ایک مرکزی مقام سے استعمال ہو رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر آئی پی ایڈریس اور ٹاور لوکیشن کی تحقیقات کی جائیں تو سارا سچ سامنے آ جائے گا۔
-
مخصوص طبقے کو نشانہ بنانا: ابھیشیک کا دعویٰ ہے کہ لاگ ان ڈیٹا کا غلط استعمال کر کے ایک مخصوص کمیونٹی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان کے ووٹوں پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
ابھیشیک بنرجی نے اپنے پوسٹ میں ‘دہلی کے زمینداروں’ (بی جے پی کی طرف اشارہ) کے اشارے پر کام کرنے والے افسران کو سخت قانونی کارروائی کی وارننگ دی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن کا جواز عوامی اعتماد سے ہے، نہ کہ سیاسی سرپرستی سے۔ اس معاملے کو ملک کی اعلیٰ ترین عدالت میں اٹھایا جائے گا۔
دریں اثناء، ان الزامات کے بعد ترنمول کانگریس کا ایک پانچ رکنی وفد بدھ کی دوپہر کولکتہ میں الیکشن کمیشن کے دفتر شکایت درج کرانے پہنچ رہا ہے۔


