جسم میں کیلیں، گلے میں بلیڈ،بی جے پی کارکن کے گھر کے سامنے پراسرار گڑیا ملنے سے کھلبلی

جسم میں کیلیں، گلے میں بلیڈ،بی جے پی کارکن کے گھر کے سامنے پراسرار گڑیا ملنے سے کھلبلی

ندیا 15جنوری :جسم میں کیلیں پیوست اور گلے میں بلیڈ! صبح سویرے بی جے پی کارکن کے گھر کے باہر ایسی ہی ایک پراسرار گڑیا ملی، جس نے ندیا (Nadia) کے چکدہ میں کھلبلی مچا دی۔ بی جے پی کارکن کے اہل خانہ اور پڑوسیوں کا دعویٰ ہے کہ یہ کام کسی نے نقصان پہنچانے یا خوفزدہ کرنے کی نیت سے کیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر گڑیا کو برآمد کر لیا ہے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
معلومات کے مطابق، اس بی جے پی کارکن کا نام نریش سرکار ہے۔ وہ ندیا کے چکدہ تھانہ علاقہ کے مدن پور نمبر 2 گرام پنچایت کے شکار پور دکھن پاڑہ کے رہائشی ہیں۔ دیگر دنوں کی طرح جمعرات کی صبح جب انہوں نے گھر کا صدر دروازہ کھولا، تو ان کی نظر سفید کاغذ سے بنی ایک گڑیا پر پڑی۔ قریب جانے پر انہوں نے دیکھا کہ گڑیا کے جسم میں کیلیں چبھی ہوئی ہیں، جسم پر گلابی رنگ کے دھبے ہیں اور گلے میں بلیڈ لگا ہوا ہے۔ صورتحال واضح نہ ہونے کے باوجود وہ شدید خوفزدہ ہو گئے۔
فوری طور پر پڑوسیوں کو مطلع کیا گیا۔ زیادہ تر لوگوں کو خدشہ تھا کہ گڑیا کے اندر دھماکہ خیز مواد ہو سکتا ہے۔ اس کے بعد فوری طور پر تھانے کو خبر دی گئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا گھیراو¿ کر کے گڑیا کو برآمد کیا، جس کے بعد مقامی لوگوں نے کچھ راحت محسوس کی۔ لیکن اس گڑیا کو وہاں رکھنے کا مقصد کیا تھا؟ اور اس کے پیچھے کون ہے؟ یہ ابھی تک ایک معمہ بنا ہوا ہے۔ بی جے پی کارکن کا دعویٰ ہے کہ اس طرح انہیں قتل کی دھمکی دی گئی ہے۔ چکدہ تھانہ پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ جلد ہی واقعے کی اصل وجہ سامنے آ جائے گی۔
Back to top button
Translate »