عصمت دری کے الزام میں گرفتار پریش رام کے قبضے سے 2 لاکھ روپے اور 6 موبائل فون ضبط، ایک سِوک والنٹیر بھی گرفتار!

عصمت دری کے الزام میں گرفتار پریش رام کے قبضے سے 2 لاکھ روپے اور 6 موبائل فون ضبط، ایک سِوک والنٹیر بھی گرفتار!

عصمت دری سمیت مختلف الزامات میں گرفتار کیننگ ویسٹ کے رکن اسمبلی پریش رام کے قبضے سے 2 لاکھ روپے نقد اور 6 موبائل فون برآمد کرکے ضبط کیے گئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق، اس معاملے میں ایک سِوک والنٹیر کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ الزام ہے کہ وہ پولیس کی خفیہ معلومات رکن اسمبلی تک پہنچاتا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق، پیر کے روز کولکاتا ہوائی اڈے سے ترنمول کانگریس کے رکن اسمبلی پریش کو گرفتار کرتے وقت ان کے پاس سے بڑی مقدار میں نقد رقم برآمد ہوئی تھی۔ بعد میں گنتی کرنے پر معلوم ہوا کہ ان کے پاس تقریباً 2 لاکھ روپے تھے۔ اس کے علاوہ کیننگ ویسٹ کے رکن اسمبلی کے قبضے سے 6 موبائل فون بھی برآمد ہوئے، جنہیں پولیس نے ضبط کر لیا ہے۔ تفتیش کے مقصد سے ان موبائل فونز کے ڈیٹا کی جانچ کی جا سکتی ہے۔پولیس نے بتایا ہے کہ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ضبط شدہ تمام اشیا اور ان کی ضبطی کی فہرست منگل کے روز عدالت میں پیش کی جائے گی۔
پولیس کا الزام ہے کہ مختلف مقدمات میں ملزم رکن اسمبلی گزشتہ کئی دنوں سے روپوش تھے۔ ان کے خلاف عصمت دری جیسے سنگین الزامات بھی درج ہیں۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ عوامی نمائندہ ہونے کے باوجود انہوں نے کسی بھی طرح تحقیقات میں تعاون نہیں کیا۔
الزام ہے کہ منگل کے روز وہ ممبئی فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ دوسری جانب، پولیس نے پریش کے ساتھ ایک سِوک والنٹیر کو بھی حراست میں لیا ہے۔ وہ انٹیلی جنس برانچ (آئی بی) میں تعینات تھا اور اس کی جائے تعیناتی کیننگ کا علاقہ تھا۔ اسی دوران اس کا پریش رام سے رابطہ قائم ہوا۔ الزام ہے کہ پیر کے روز وہ پریش کے ساتھ موجود تھا اور اسے بھی ہوائی اڈے سے حراست میں لیا گیا۔
پولیس کو شبہ ہے کہ مذکورہ سِوک والنٹیر ملزم رکن اسمبلی کو پولیس کی نقل و حرکت اور خفیہ معلومات فراہم کرتا تھا۔ اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، اس سِوک والنٹیر کا نام وکاش ساہانی ہے۔ اسے کیننگ میں مارپیٹ کے ایک واقعے کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
اسمبلی انتخابات سے کچھ پہلے اور بعد میں بی جے پی نے پریش رام کے خلاف بدعنوانی، سیاسی تشدد سمیت کئی الزامات عائد کیے تھے۔ انتخابی نتائج آنے کے بعد بھی مختلف الزامات کے تحت ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔ ان میں اپوزیشن کو دھمکانا، انتخابی تشدد، دھوکہ دہی اور ماتلا ندی کے کنارے کی زمین پر قبضہ کرکے آشرم تعمیر کرنے جیسے الزامات شامل ہیں۔ بعد میں ان پر عصمت دری کا الزام بھی سامنے آیا۔
پولیس کے ایک ذرائع کے مطابق، شکایت کنندہ خاتون نے بتایا ہے کہ 2023 کے پنچایت انتخابات میں ٹکٹ دلانے کے نام پر رکن اسمبلی نے ان سے 4 لاکھ روپے لیے تھے اور اسی دوران ان کے ساتھ عصمت دری بھی کی تھی۔ خاتون کا کہنا ہے کہ وہ خوف کی وجہ سے اتنے دنوں تک شکایت درج نہیں کرا سکی تھیں۔ بالآخر ستمبر میں انہوں نے تھانے میں تحریری شکایت درج کرائی۔
پریش رام کی گرفتاری پر پیر کے روز وزیر اعلیٰ شوبھیندو ادھیکاری نے بھی ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا، ”جب میں اپوزیشن لیڈر تھا تو وہ کس طرح کی زبان استعمال کرتے تھے، مجھے سب یاد ہے۔ میں نے سنا ہے کہ انہوں نے جنوبی 24 پرگنہ میں آبپاشی محکمے کی زمین پر قبضہ کرکے اولڈ ایج ہوم بنایا تھا۔ ان کے خلاف اور بھی الزامات ہیں۔ ہم شمالی اور جنوبی 24 پرگنہ میں غیر قانونی طور پر قبضہ کی گئی تمام زمینوں کو خالی کرائیں گے۔“
منگل کے روز نندی گرام میں پریش کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ترنمول کے اس رکن اسمبلی کو مافیا قرار دیا۔ انہوں نے کہا، ”وہ قصوروار تھے، اسی لیے چھپ کر فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ لیکن ان کے خلاف لک آو¿ٹ نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ ورنہ وہ ممبئی کے راستے دبئی فرار ہو جاتے۔“
Back to top button
Translate »