
چھیڑ چھاڑ کے ملزم کو ’چھڑانے‘ کی کوشش! دیر رات نیو علی پور تھانے پر ’حملہ‘، 4 افراد گرفتار
چھیڑ چھاڑ کے ملزم کو ’چھڑانے‘ کی کوشش! دیر رات نیو علی پور تھانے پر ’حملہ‘، 4 افراد گرفتار
ایک نوجوان خاتون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے واقعے کو لے کر جنوبی کولکاتا کے نیو علی پور (New Alipore) علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ ملزم کو ’چھڑانے‘ کے مقصد سے کچھ لوگ نیو علی پور تھانے کے اندر داخل ہوئے اور پولیس اہلکاروں پر حملہ کر دیا۔ اس دوران ایک وکیل بھی نیو علی پور تھانے کے پولیس افسران کے ساتھ بحث و تکرار میں الجھ گئے۔ پولیس پر حملے کے الزام میں مذکورہ وکیل سمیت 4 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ چھیڑ چھاڑ کے معاملے میں ملزم کو بھی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق، اس واقعے کی شروعات پیر کی دیر رات ہوئی۔ ذاتی کام نمٹانے کے بعد رات تقریباً سوا 12 بجے نوجوان خاتون نیو علی پور کے درگا پور پل سے پیدل گھر واپس جا رہی تھیں۔ وہ اسی علاقے کی درگا پور کالونی کی رہنے والی ہیں۔ اسی دوران علاقے کے تین نوجوانوں نے ان کا پیچھا کرنا شروع کر دیا۔ خاتون نے جب اس کی مخالفت کی تو تینوں نے سڑک پر ہی ان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی۔
خاتون نے چیخنا شروع کر دیا، لیکن سنسان سڑک پر کوئی موجود نہیں تھا۔ اس کے بعد انہوں نے اپنے بڑے بھائی کو فون کرکے جائے وقوعہ پر بلایا۔ کچھ ہی دیر میں ان کے بھائی وہاں پہنچے اور بہن کو بچایا۔ الزام ہے کہ بھائی کو دیکھ کر تینوں نوجوان فرار ہونے کی کوشش کرنے لگے۔ تاہم نوجوان خاتون کے بھائی نے ان میں سے ایک کو پکڑ لیا، جبکہ باقی دو فرار ہو گئے۔
اس دوران درگا پور کالونی میں چھیڑ چھاڑ کی خبر پھیل گئی۔ کالی پوجا کے اگلے دن ہونے کی وجہ سے علاقے کے کئی لوگ جاگ رہے تھے۔ مقامی باشندے دوڑتے ہوئے درگا پور پل پر پہنچ گئے۔ ہنگامے کی خبر نیو علی پور تھانے تک بھی پہنچ گئی۔ پولیس کی ایک ٹیم بھی درگا پور پل پر پہنچ گئی۔
نوجوان خاتون کے بھائی نے ملزم جے کمار کاماتھ کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے خاتون کے اہل خانہ سے نیو علی پور تھانے پہنچ کر تحریری شکایت درج کرانے کو کہا۔ اسی دوران پولیس پر حملے کی کوشش کی گئی۔ مقامی باشندوں نے ملزم جے کو ان کے حوالے کرنے کے لیے پولیس پر دباو¿ ڈالا، حالانکہ اس وقت پولیس ملزم کو لے کر تھانے پہنچ چکی تھی۔


