
ممتا بنرجی کے زمانے کی 1600سپر نیو مریری پوسٹ رد
ممتا بنرجی کے زمانے کی 1600سپر نیو مریری پوسٹ رد

اپر پرائمری میں1600 سپر نیومریری عہدوں پر عملہ بھرتی کا فیصلہ سابقہ ترنمول حکومت نے کیا تھا۔ بدھ کو موجودہ ریاستی حکومت نے اس حوالے سے بھرتی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔ کلکتہ ہائی کورٹ میں ریاست کی طرف سے اس فیصلے کی اطلاع دی گئی۔
واضح رہے کہ2016میں ہائر سیکنڈری میں ورک ایجوکیشن اور فزیکل ایجوکیشن کے مضامین میں اساتذہ کی بھرتی کے لیے ‘سپر نیومریری پوسٹ’ یعنی اضافی خالی آسامیاں پیدا کی گئی تھیں۔ ریاست کے اس اضافی آسامیوں کے فیصلے کے خلاف اس وقت کلکتہ ہائی کورٹ میں مقدمہ دائر ہوا تھا۔ 2023کے اپریل میں جسٹس بشوجیت باسو کی سنگل بنچ نے ان آسامیوں پر بھرتی پر عبوری روک لگا دی تھی۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے سابقہ کابینہ کے اس فیصلے کے خلاف سی بی آئی تحقیقات کا بھی حکم دیا تھا۔ بعد میں یہ مقدمہ سپریم کورٹ گیا۔ سپریم کورٹ نے کابینہ کے اس فیصلے کے خلاف سی بی آئی تحقیقات کے حکم پر روک لگا دی۔ تاہم کابینہ کے فیصلے کے مطابق اضافی آسامیاں بنا کر بھرتی کرنے میں اعلیٰ عدالت نے مداخلت نہیں کی۔ سپریم کورٹ کا مشاہدہ تھا کہ اس میں مداخلت سے وفاقی ڈھانچہ تباہ ہو جائے گا۔
اس دوران ریاستی حکومت تبدیل ہو گئی۔ بدھ کو جسٹس راج شیکھر مانتھا کے بنچ میں مقدمے کی سماعت تھی۔ نئی حکومت نے ہائی کورٹ کو بتایا کہ وہ سپر نیومریری عہدوں پر بھرتی کے معاملے میں سابقہ حکومت کے نوٹیفکیشن کے مطابق آگے نہیں بڑھے گی۔ نوٹیفکیشن واپس لیا جا رہا ہے۔ اس کے نتیجے میں آج سے سپر نیومریری عہدوں کا کوئی وجود نہیں رہا۔


