نیپال میں زلزلے سے دارجلنگ سمیت شمالی بنگال کے وسیع علاقوں میں زوردار جھٹکے، سکم بھی لرز اٹھا

نیپال میں زلزلے سے دارجلنگ سمیت شمالی بنگال کے وسیع علاقوں میں زوردار جھٹکے، سکم بھی لرز اٹھا

زلزلے کے جھٹکوں سے دارجلنگ، سلی گوڑی سمیت شمالی بنگال کے وسیع علاقے لرز اٹھے۔ جمعرات کی صبح تقریباً ساڑھے چار بجے دارجلنگ، کلمپونگ اور جلپائی گوڑی میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ سکم، بہار، نیپال اور بھوٹان میں بھی زمین لرز اٹھی۔ زلزلے کا مرکز نیپال میں تھا۔ یہ زلزلہ سکم کی نیپال سرحد کے قریب آیا۔
صبح سویرے زلزلے کے وقت بہت سے لوگ سو رہے تھے، تاہم جو لوگ بیدار تھے، ان میں سے کئی افراد نے جھٹکے محسوس کیے۔ زلزلے کا مرکز سکم کے ی±کسم سے تقریباً 40 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع تھا۔ اسی وجہ سے سکم کے وسیع علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اس کے علاوہ مغربی بنگال کے دو پہاڑی اضلاع دارجلنگ اور کلمپونگ میں بھی زمین لرزنے کا احساس ہوا۔ بنگلہ دیش کے بعض علاقوں میں بھی ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے باعث کئی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ گھروں سے باہر نکل آئے۔ اگرچہ وسیع علاقے میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، لیکن نیپال میں آنے والے اس زلزلے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع اب تک نہیں ملی ہے۔
اس سے قبل گزشتہ جون میں بھوٹان میں آنے والے زلزلے کے جھٹکوں سے بھی شمالی بنگال لرز اٹھا تھا۔ اس وقت بھوٹان کے دارالحکومت تھمپو سے تقریباً 22 کلومیٹر دور زلزلہ آیا تھا۔ ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی تھی۔ سرحدی علاقے میں زلزلہ آنے کی وجہ سے ہندوستان، چین، بنگلہ دیش اور نیپال کے کئی علاقوں میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ اس وقت شمالی بنگال کے علاوہ آسام اور میگھالیہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

Back to top button
Translate »