
یوگی کے گڑھ گورکھپور میں اکھلیش یادو کابڑا سیاسی شو، 20 کلومیٹر روڈ شو میں امڑی بھیڑ، بی جے پی کے صفائے کا دعویٰ
یوگی کے گڑھ گورکھپور میں اکھلیش یادو کابڑا سیاسی شو، 20 کلومیٹر روڈ شو میں امڑی بھیڑ، بی جے پی کے صفائے کا دعویٰ
گورکھپور اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا مضبوط سیاسی علاقہ سمجھا جاتا ہے۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں ضلع کی تمام 9 نشستوں پر بی جے پی نے کامیابی حاصل کی تھی۔ روڈ شو میں جمع ہونے والی بھیڑ کے بعد اکھلیش یادو نے دعویٰ کیا کہ اگر آج اتر پردیش میں انتخابات ہو جائیں تو گورکھپور میں بی جے پی کا صفایا ہو جائے گا اور اس کا سیاسی قلعہ ہل جائے گا۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ 2024 کے انتخابات میں انڈیا اتحاد نے بی جے پی کا مقابلہ کیا تھا، لیکن اب پی ڈی اے سماج پہلے سے زیادہ بیدار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخابی تیاریوں کی صرف شروعات ہے۔ اس موقع پر انہوں نے مجاہد آزادی بابو بندھو سنگھ اور پی ڈی اے سماج کے ان یودھا کو بھی یاد کیا جنہوں نے قربانیاں دی تھیں۔
اکھلیش یادو کے فوری انتخابات کرانے کے مطالبے اور بڑی جیت کے دعوے پر اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ نے ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اکھلیش یادو منگیری لال کے حسین خواب نہ دیکھیں۔ وہ اپنے اتحاد میں چاہے جتنی بھی پارٹیاں شامل کر لیں، اتر پردیش میں بی جے پی کا کوئی دوسرا متبادل نہیں ہے۔ عوام بی جے پی کو مسلسل تیسری بار کامیابی دلانے کا ارادہ کر چکے ہیں۔
دوسری جانب متھرا میں بی جے پی کے نعرے ’رادھے رادھے، کمل کھلا دے‘ پر بھی سیاسی بیان بازی دیکھنے کو ملی۔ اکھلیش یادو نے اس نعرے پر طنز کرتے ہوئے اسے بی جے پی کی سیاسی رخصتی سے جوڑ دیا۔ اس پر کیشو پرساد موریہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اکھلیش یادو ’رادھے رادھے‘ کے نام سے پریشان کیوں ہو جاتے ہیں؟ کیا وہ متھرا میں کرشن بھکتوں کا سامنا کرنے سے ڈرتے ہیں؟


