
عدن ہوائی اڈے پر دو میزائل حملے، حوثیوں کا سعودی فضائی حملوں میں 14 افراد کی ہلاکت کا دعویٰ
عدن ہوائی اڈے پر دو میزائل حملے، حوثیوں کا سعودی فضائی حملوں میں 14 افراد کی ہلاکت کا دعویٰ
یمن میں جاری کشیدگی کے درمیان عدن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر میزائل حملوں اور صوبہ الجوف کے شہر الحزم میں فضائی حملے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
یمن میں حکومتی حکام نے حوثیوں پر الزام عائد کرتے ہوئے عدن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دو میزائل حملوں کی تصدیق کی ہے جبکہ حوثیوں کا کہنا ہے کہ سعودی فضائی حملے میں کم از کم 14 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یمن میں حوثی باغیوں اور سرکاری فورسز کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔
حوثی گروپ ایک جانب سعودی عرب کے اندر ہوائی اڈوں اور تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے دعوے کرتا ہے، جبکہ دوسری جانب سعودی فضائی حملوں کے نتیجے میں اپنے زیرِ کنٹرول علاقوں میں جانی نقصان کی اطلاعات بھی دیتا ہے۔
یمن کی وزارتِ ٹرانسپورٹ نے ایک حالیہ بیان میں کہا کہ حوثیوں کی جانب سے عدن ہوائی اڈے کو حالیہ دنوں میں چھ مرتبہ نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ وزارت کے مطابق بدھ کو دو حملے مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک اور تین بجے کیے گئے۔
وزارت نے کہا کہ ہوائی اڈے پر بار بار حملے مسافروں، پروازوں کے عملے اور ہوائی اڈے کے کارکنوں کی جانوں کے لیے براہِ راست خطرہ ہیں اور ان سے شہری فضائی نقل و حمل اور امدادی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔
اس سے قبل حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ سریع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر عدن ہوائی اڈے پر موجود افراد سے فوری طور پر وہاں سے نکل جانے کی اپیل کی تھی۔
انھوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہاں ایک سعودی فوجی طیارہ موجود ہے جو ہتھیار لے جا رہا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق عدن پولیس کے دو ذرائع نے بتایا ہے کہ حوثیوں کے داغے گئے دو میزائل ہوائی اڈے کے احاطے میں گرے۔
یمنی حکومتی افواج کے ترجمان ماجد عبداللہ النزیلی نے کہا کہ عدن ہوائی اڈے کے قریب دو بیلسٹک میزائل گرنے سے متعدد شہری زخمی ہوئے اور مالی نقصان بھی ہوا۔
دوسری جانب حوثیوں سے وابستہ المسیرہ ٹی وی نے دعویٰ کیا کہ سعودی عرب نے صوبہ الجوف کے دارالحکومت الحزم میں فضائی حملہ کیا جس میں کم از کم 14 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
المسیرہ کے مطابق حملے میں ایک بازار اور گیس سٹیشن کو نشانہ بنایا گیا۔ حوثیوں کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد ابتدائی ہے اور اس میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
یحییٰ سریع نے الزام میں مزید کہا کہ سعودی عرب نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صنعا سمیت یمن کے آٹھ صوبوں میں 101 حملے کیے، جن میں خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد ہلاک یا زخمی ہوئے۔
ان کے مطابق کشیدگی کے آغاز سے اب تک سعودی حملوں کی مجموعی تعداد 3480 تک پہنچ چکی ہے۔


