رجسٹریشن نہ ہونے کی وجہ سے طالبہ نشا خاتون سیکنڈری امتحان میں نہیں بیٹھ سکیں
رجسٹریشن نہ ہونے کی وجہ سے طالبہ نشا خاتون سیکنڈری امتحان میں نہیں بیٹھ سکیں

بردوان2فروری : مشرقی بردوان کے بھاتار کے مادھو پبلک ہائی اسکول میں امتحان دینے کے لیے آئی ہوئی طالبہ کو شدید مایوسی کے ساتھ واپس لوٹنا پڑا۔ یہ واقعہ بھاتار کے بیلینڈا گاو¿ں میں پیش آیا۔ طالبہ کا نام نشا خاتون ہے اور وہ بھاتار ہائی گرلز اسکول کی طالبہ ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ محض چار دن قبل نشا خاتون کے والد کا انتقال ہوا تھا۔ خاندانی غم کے باوجود پیر کی صبح وہ مقررہ وقت پر امتحان دینے کے لیے بھاتار مادھو پبلک ہائی اسکول کے امتحانی مرکز پہنچی۔ لیکن ایڈمٹ کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے اسے امتحانی مرکز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی، جس کے نتیجے میں اسے ناامید ہو کر گھر واپس جانا پڑا۔
خبر پھیلتے ہی مقامی دیہاتیوں نے اس معاملے میں پہل کی۔ دیہاتی شیخ بابلو، بھاتار گرام پنچایت کے نائب سربراہ امیت کمار ہوئی اور مقامی عوامی نمائندے شبھرانشو بٹ سمیت کئی لوگوں نے بھاتار ہائی گرلز اسکول کی انتظامیہ سے رابطہ کیا۔ بعد میں اسکول جا کر معلوم ہوا کہ مذکورہ طالبہ نے سیکنڈری امتحان کے لیے رجسٹریشن ہی نہیں کرایا تھا، جس کی وجہ سے اس سال اس کا ایڈمٹ کارڈ نہیں آیا اور وہ امتحان میں بیٹھنے کا موقع کھو بیٹھی۔اس سلسلے میں بھاتار ہائی گرلز اسکول کی انچارج ہیڈ مسٹریس آرچی مجمدار نے بتایا کہ نشا خاتون باقاعدگی سے اسکول نہیں آتی تھی۔ اسکول کی جانب سے بار بار نوٹس جاری کر کے اور طلباء کے ذریعے رجسٹریشن کے بارے میں مطلع کرنے کے باوجود اس نے مقررہ وقت کے اندر رجسٹریشن نہیں کرایا تھا، اسی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی۔تاہم، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر انچارج ہیڈ مسٹریس نے یقین دلایا ہے کہ مستقبل میں اس طالبہ کی تعلیم کی تمام تر ذمہ داری اسکول اٹھائے گا۔


