چاکدہ کے سروس سینٹر میں ہولناک آگ, متعدد بائیکس اور اسپیئر پارٹس خاکستر
چاکدہ کے سروس سینٹر میں ہولناک آگ, متعدد بائیکس اور اسپیئر پارٹس خاکستر
ندیا 25مارچ :نادیہ ضلع کے چاکدہ میں بونگاو¿ں اسٹیٹ ہائی وے کے قریب لال پور میں ایک ملٹی نیشنل کمپنی کے بائیک سروس سینٹر میں آگ (Chakdaha Fire) لگنے سے کئی موٹر سائیکلیں اور قیمتی اسپیئر پارٹس جل کر راکھ ہو گئے۔ آگ کی لپٹوں نے پاس کی ایک دکان کو بھی نقصان پہنچایا، اور ابتدائی اندازے کے مطابق لاکھوں روپے کا مالی نقصان ہوا ہے۔ بدھ کی صبح پیش آنے والے اس واقعے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی نے تقریباً ایک گھنٹے کی سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ خوش قسمتی سے اس حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
بدھ کی صبح وہاں سے گزرنے والے لوگوں نے سروس سینٹر سے دھواں اور آگ کی لپٹیں نکلتے دیکھیں۔ انہوں نے فوری طور پر فائر بریگیڈ اور چاکدہ تھانے کو مطلع کیا۔ فائر فائٹرز نے موقع پر پہنچ کر جنگی بنیادوں پر کارروائی کی اور ایک گھنٹے میں آگ پر قابو پا لیا۔
فائر بریگیڈ کے ابتدائی اندازے کے مطابق، آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہو سکتی ہے۔ سروس سینٹر میں بڑی مقدار میں موبائل آئل (Mobil) موجود تھا۔ شارٹ سرکٹ کی چنگاری موبائل آئل پر گرتے ہی آگ تیزی سے پھیل گئی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ایک ہولناک شکل اختیار کر لی۔


