‘مالدہ کے آموں کو گجرات بھی جانتا ہے،امت شاہ
‘مالدہ کے آموں کو گجرات بھی جانتا ہے،امت شاہ
منگل کو مالدہ کے مانک چک میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ممتا بنرجی کی حکومت پر شدید حملے کیے۔ انہوں نے کٹ منی، مافیا راج اور کسانوں کے مسائل کو اپنی تقریر کا محور بنایا۔امت شاہ نے کہا، “ہمارا گجرات یہاں سے پانچ ہزار کلومیٹر دور ہے، لیکن مالدہ کے آم وہاں پہنچتے ہی ختم ہو جاتے ہیں۔ گجرات بھی مالدہ کے آموں کی قدر جانتا ہے، لیکن ممتا بنرجی کی حکومت نے یہاں کولڈ اسٹوریج نہیں بنائے، جس کی وجہ سے کسانوں کے آم برباد ہو رہے ہیں۔”بدعنوانی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا، “جن لوگوں نے آپ سے کٹ منی لی ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ کچھ نہیں ہوگا۔ لیکن دیدی، ہم کٹ منی خوروں کو الٹا لٹکا کر سیدھا کرنا جانتے ہیں۔” شاہ نے دعویٰ کیا کہ “دیدی آپ کا وقت ختم ہو چکا ہے، شمالی بنگال نے آپ کو ‘ٹاٹا’ کہہ دیا ہے، اور اب پورا ہندوستان ترنمول کو ٹاٹا کہہ دے گا۔” انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر وہ مافیا راج ختم کرنا اور شمالی بنگال کو ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں تو بی جے پی کو ووٹ دیں۔ انہوں نے حاضرین سے دونوں ہاتھ اٹھا کر ‘جے شری رام’ کا نعرہ لگانے کو بھی کہا۔منگل کے روز امت شاہ کی بنگال میں تین اہم سیاسی سرگرمیاں تھیں۔ انہوں نے شمالی دیناج پور میں پد یاترا سے آغاز کیا، پھر گنگارام پور میں جلسہ کیا، جس کے بعد مالدہ کے مانک چک اور غازل میں عوامی اجتماعات سے خطاب کیا۔بنگال الیکشن 2026 کے پیشِ نظر امت شاہ کا یہ دورہ سیاسی اعتبار سے انتہائی اہم مانا جا رہا ہے۔

