
اس بار ای ڈی کی نظر میں ترنمول ایم پی ندیم الحق! گھر اور دفتر پر صبح سے چھاپے، کلکتہ، دہلی، رانچی میں بیک وقت کارروائی
اس بار ای ڈی کی نظر میں ترنمول ایم پی ندیم الحق! گھر اور دفتر پر صبح سے چھاپے، کلکتہ، دہلی، رانچی میں بیک وقت کارروائی
ترنمول ایم پی ندیم الحق کے گھر اور دفتر پر اس بار ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) نے چھاپہ مارا ہے۔ پیر کی صبح سے کلکتہ، دہلی اور رانچی میں ای ڈی کے افسران نے تلاشی شروع کر دی ہے۔ مجموعی طور پر آٹھ مقامات پر کارروائی جاری ہے۔ تفتیشی ایجنسی کے ذرائع کے مطابق ان میں سے ہر ایک کا تعلق ترنمول کے راجیہ سبھا کے ایم پی سے ہے۔
کس مقدمے کے سلسلے میں آج کی کارروائی کی گئی، اس بارے میں ابھی ای ڈی نے کوئی بیان نہیں دیا ہے۔ تاہم ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ ترنمول ایم پی ایک اخبار سے منسلک ہیں، اسی سلسلے میں تلاشی شروع کی گئی ہے۔ گزشتہ اگست میں اس سے متعلق مالی بے ضابطگی کی ایک شکایت بھی درج کی گئی تھی۔
پیر کی صبح کلکتہ کے پارک سرکس کے ایک مقام پر مرکزی تفتیشی ایجنسی کے افسران نے چھاپہ مارا۔ شہر میں مزید دو مقامات پر بھی کارروائی جاری ہونے کی خبر ہے۔ دہلی میں بھی ندیم کے گھر اور دفتر سمیت کل چار مقامات پر کارروائی ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ رانچی میں بھی افسران نے تلاشی شروع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ دہلی کے ساو¿تھ ایونیو میں ایم پی کا جو گھر ہے، اسے ترنمول (کالی گھاٹ کیمپ) کے پارٹی آفس کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ چند ماہ قبل ہی دہلی میں کالی گھاٹ ترنمول کا دفتر ندیم کے بنگلے میں منتقل کیا گیا تھا۔ اس سے قبل باراک پور کے ایم پی پارتھ بھومک کے بنگلے کے ایک حصے کو جورا پھول کیمپ پارٹی دفتر کے طور پر استعمال کرتا تھا۔ پارٹی میں تقسیم کے بعد گزشتہ جون میں کالی گھاٹ کیمپ کا نیا دفتر راجیہ سبھا کے ایم پی ندیم الحق کے بنگلے کے ایک حصے میں بنایا گیا۔
ذرائع کے مطابق پارک سرکس میں جس مقام پر کارروائی ہو رہی ہے، وہاں اس اخبار کا ایک دفتر ہے۔ اس مقام کے باہر اخبار کا ایک ہورڈنگ (بڑا بورڈ) لگا ہے۔ اس پر لکھا ہے کہ یہ اردو زبان کا اخبار کلکتہ، دہلی، رانچی، آسنسول، شلی گوڑی، بھوپال، لکھنو¿ اور سری نگر سے شائع ہوتا ہے۔ اخبار کا رجسٹرڈ دفتر کلکتہ کے 12، درگا روڈ پر ہے۔


