اے ٹی ایم فراڈ! کولکاتا آ کر دہلی پولیس نے تین افراد کو گرفتار کیا، 62 اے ٹی ایم کارڈ بھی برآمد

اے ٹی ایم فراڈ! کولکاتا آ کر دہلی پولیس نے تین افراد کو گرفتار کیا، 62 اے ٹی ایم کارڈ بھی برآمد

اے ٹی ایم سے مبینہ طور پر دھوکہ دہی کے ذریعے رقم نکالنے کے الزام میں دہلی پولیس نے کولکاتا آ کر تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔ جمعہ کے روز دہلی پولیس کی ایک ٹیم ملزمان کی تلاش میں کولکاتا پہنچی تھی۔ متعلقہ علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کے بعد پولیس نے ملزمان کی شناخت کی اور بعد میں انہیں گرفتار کر لیا۔ گرفتار کیے گئے تینوں افراد بہار کے رہنے والے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان نے ایکسس بینک، کینرا بینک اور بندھن بینک کے اے ٹی ایم سے رقم نکالی تھی۔ پولیس کا الزام ہے کہ یہ رقم غیر قانونی اور دھوکہ دہی کے ذریعے نکالی گئی۔ ان کے قبضے سے 62 اے ٹی ایم کارڈ، 10 سم کارڈ اور 14 موبائل فون برآمد ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ کارڈ کے ذریعے مالی لین دین کے لیے استعمال ہونے والی آٹھ پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) مشینیں بھی ملزمان کے پاس سے برآمد کی گئی ہیں۔گرفتار افراد کی شناخت بھرت وشال، اندر جیت کمار اور وراج کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ تینوں بہار کے جہان آباد کے رہنے والے ہیں۔ انہیں علی پور عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ پولیس تینوں کو ٹرانزٹ ریمانڈ پر دہلی لے جانا چاہتی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ 3 ستمبر کو دہلی کے ساو¿تھ ویسٹ ڈسٹرکٹ سائبر تھانے میں درج ایف آئی آر کی بنیاد پر پولیس نے تفتیش شروع کی تھی۔ اسی سلسلے میں جمعہ کے روز دہلی پولیس کی ایک ٹیم کولکاتا پہنچی۔ ٹیم میں ایس آئی نیرج ککرالیا کے علاوہ اسی تھانے کے تین ہیڈ کانسٹیبل بھی شامل تھے۔
انہوں نے مشرقی جادَوپور تھانے سے رابطہ کیا اور وہاں کے افسران کی مدد سے متعلقہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی، جس کے بعد ملزمان کی شناخت کی گئی۔ متعلقہ تھانے کی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا۔پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ ملزمان کے پاس اتنے زیادہ اے ٹی ایم کارڈ کہاں سے آئے، ان کارڈز کے ذریعے وہ کہاں اور کیا کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور کس طریقے سے اے ٹی ایم سے دھوکہ دہی کے ذریعے رقم نکالتے تھے۔ گرفتار افراد سے پوچھ گچھ کے ذریعے یہ جاننے کی بھی کوشش کی جا رہی ہے کہ آیا اس معاملے کے پیچھے کوئی دوسرا گروہ یا منظم گینگ بھی سرگرم ہے۔

Back to top button
Translate »