دل کا دورہ پڑنے سے کوچ بہار کے بی ایل او چل بسے

دل کا دورہ پڑنے سے کوچ بہار کے بی ایل او چل بسے

کوچ بہار3جنوری : بنگال میں ایک اور بی ایل او کی موت ہوگئی۔ ووٹر لسٹ کی خصوصی ترمیمی مہم کے سماعت کے مرحلے نے پریشانی بڑھا دی ہے۔کوچ بہار میں دل کا دورہ پڑنے سے ایک بی ایل او کی موت ہو گئی۔ اہل خانہ کا دعویٰ ہے کہ ان کی موت ایس آئی آر کے کام کے دباو¿ کی وجہ سے ہوئی ہے۔ اس موت نے ایس آئی آر کے عمل پر ایک بار پھر ترنمول کانگریس کے غم و غصے کو ہوا دے دی ہے۔
متوفی کا نام آشیش دھر ہے۔ وہ کوچ بہار کے اچھاماڑی بانیشور کے بوتھ نمبر 103 کے بی ایل او کے طور پر ذمہ داریاں سنبھال رہے تھے۔ آج، ہفتہ کے روز، ان کے بوتھ کے ان ووٹروں کی سماعت کا عمل تھا جن کی میپنگ نہیں ہو سکی تھی۔ آشیش بابو کے اہل خانہ بتاتے ہیں کہ وہ جمعہ کی رات سے ہی سماعت کے عمل کو لے کر شدید فکر مند تھے۔ جمعہ کی رات ہی انہیں دل کا دورہ پڑا، جو ان کی موت کا سبب بنا۔
مقتول کے خاندان کے ایک فرد نے بتایا، "وہ ایس آئی آر کو لے کر بہت فکر مند رہتے تھے۔ وہ ہر وقت کہتے تھے کہ یہ عمل ختم ہو جائے تو جان بچے گی۔ وہ اکلوتے بیٹے تھے، اب خاندان کا کیا ہوگا، یہی فکر کھائے جا رہی ہے۔” مقامی ترنمول قیادت نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی ہے، جبکہ انتظامیہ کے حکام معاملے کی جانچ کر رہے ہیں۔
ایس آئی آر کا عمل شروع ہونے کے بعد سے ریاست بھر سے ووٹروں اور بی ایل اوز کی اموات کی یکے بعد دیگرے خبریں آ رہی ہیں۔ کسی نے اس عمل کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے خودکشی کر لی، تو کہیں خاندان یہ الزام لگا رہے ہیں کہ کام کا دباو¿ برداشت نہ کر پانے کی وجہ سے ان کا عزیز بیمار ہو کر انتقال کر گیا۔ حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کا بھی یہی الزام ہے کہ اس عمل کو عجلت میں مکمل کرنے کی کوششوں کے نتیجے میں ایسے واقعات پیش آ رہے ہیں۔
Back to top button
Translate »