چھٹھ پوجا کے لیے رابندر سروور استعمال نہیں ہوگا، متبادل کے طور پر 50 تالاب تیار رکھے جائیں گے، وزیر اگنی مترا پال کا اعلان

چھٹھ پوجا کے لیے رابندر سروور استعمال نہیں ہوگا، متبادل کے طور پر 50 تالاب تیار رکھے جائیں گے، وزیر اگنی مترا پال کا اعلان

پوجا سے قبل کولکاتا کی سڑکوں کی خوبصورتی کے لیے گہرے رنگ کے استعمال پر تنازع اور موٹر سائیکل حادثے کے بعد وزیر اعلیٰ شوبھیندو ادھیکاری کی ہدایت پر انہیں مٹانے پر مجبور ہونا پڑا تھا۔ اب ’قومی سروور‘ رابندر سروور میں چھٹھ پوجا کی اجازت دینے کی خواہش ظاہر کرنے کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر ہی انہیں اپنا فیصلہ بدلنا پڑا۔ وزیر بلدیات اگنیمترا پال نے کہا، ”اگر اجازت نہیں ملتی ہے تو رابندر سروور میں چھٹھ پوجا نہیں ہوگی۔ ایسی صورت میں ہم ماحولیاتی عدالت کے حکم کی خلاف ورزی نہیں کر سکتے۔ اسی لیے جنوبی کولکاتا میں 50 گھاٹ تیار رکھے جا رہے ہیں۔“
2017 میں نیشنل گرین ٹریبونل کے حکم کے بعد سے ہی ریاستی حکومت رابندر سروور اور سبھاش سروور میں چھٹھ پوجا پر پابندی برقرار رکھنے پر مجبور ہے۔ یہاں تک کہ 2020 میں چھٹھ پوجا کی اجازت حاصل کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کے باوجود سابقہ ترنمول حکومت کو سخت جھٹکا لگا تھا اور اسے پابندی برقرار رکھنی پڑی تھی۔
دریا کے گھاٹوں کا معائنہ کرنے کے بعد بدھ کے روز وزیر بلدیات نے کہا تھا، ”گزشتہ حکومت کے دور میں سیاست کی وجہ سے ہندوو¿ں کے تہواروں کو بند کیا گیا تھا۔ اب ایسا نہیں ہوگا۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر مقامی لوگوں کے مفاد میں اس سال رابندر سروور اور سبھاش سروور میں بھی چھٹھ پوجا کی اجازت دی جائے گی۔“
اس کے بعد ریاست کے تمام ماہرین ماحولیات اور وکلا نے اس فیصلے کے خلاف شدید احتجاج شروع کر دیا۔ معروف ماہرین ماحولیات سبھاش دتہ، موہت رائے اور سومندر موہن گھوش نے گرین ٹریبونل کے حکم کا حوالہ دیتے ہوئے جنوبی کولکاتا کے پھیپھڑے کہلانے والے رابندر سروور میں چھٹھ پوجا منعقد نہ کرنے کی اپیل کے ایم ڈی اے سے کی۔
درحقیقت سپریم کورٹ کے حکم کا حوالہ دیتے ہوئے انجینئروں نے بھی رابندر سروور اور سبھاش سروور میں چھٹھ پوجا کے گھاٹ نہ بنانے کی درخواست ریاستی سیکریٹریٹ نوبنو سے کی تھی۔ پٹولی، نونا ڈانگا، جودھ پور پارک اور پودار نگر میں چھٹھ پوجا کے عقیدت مندوں کے لیے متبادل گھاٹ کس طرح تیار کیے جا رہے ہیں، اس کی تفصیلات بھی کے ایم ڈی اے کے انجینئروں نے بدھ کے روز وزیر بلدیات کو بھیجیں۔
اس کے بعد وزیر بلدیات نے متبادل انتظامات کی تلاش شروع کر دی۔ وزیر اگنیمترا پال نے بتایا ہے کہ رابندر سروور اور سبھاش سروور کے متبادل کے طور پر مجموعی طور پر 50 تالاب تیار رکھے جا رہے ہیں۔

Back to top button
Translate »