غلط طریقے سے ووٹر لسٹ سے خارج کیے گئے ووٹروں کے نام دوبارہ شامل کرنے کے اقدامات:نئے حلف نامے میں الیکشن کمیشن کی سپریم کورٹ کو یقین دہانی، 

غلط طریقے سے ووٹر لسٹ سے خارج کیے گئے ووٹروں کے نام دوبارہ شامل کرنے کے اقدامات:نئے حلف نامے میں الیکشن کمیشن کی سپریم کورٹ کو یقین دہانی، 

الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ جن ووٹروں نے پہلے ہی فارم 6 جمع کر دیا ہے، انہیں دوبارہ اینومریشن فارم جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ایس آئی آر تنازع میں فارم 6 میں کی گئی ترمیم بنیادی بحث کا موضوع رہی ہے۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا نے (14 نومبر) کو سپریم کورٹ میں ایک ضمنی حلف نامہ داخل کیا، جس میں ان ووٹروں کے نام دوبارہ ووٹر لسٹ میں شامل کرنے کے لیے جاری عمل کی تفصیلات پیش کی گئیں، جنہیں غلطی سے ’غیر حاضر، منتقل شدہ، فوت شدہ یا ڈپلیکیٹ‘ (ASDD) قرار دے دیا گیا تھا۔ کمیشن نے اس بات پر زور دیا کہ اس کی کوشش ہے کہ کوئی بھی اہل ووٹر ووٹ دینے کے حق سے محروم نہ رہے۔
اسپیشل انٹینسیو ریویڑن (SIR) کی کارروائی کے تحت، جو انتخابی فہرستوں کی معمول کی صفائی کا عمل بتایا جا رہا ہے، 13 کروڑ ووٹروں کے نام حذف کر دیے گئے۔ اب الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ 6 نومبر تک ایس آئی آر کی کارروائی والے ریاستوں کے چیف الیکٹورل افسران کو ہدایت دی جا چکی ہے کہ وہ ووٹروں کو اینومریشن فارم (ضمیمہ A) الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر (ERO) یا اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر (AERO) کے پاس جمع کرانے کی اجازت دیں۔
اس کے علاوہ، ریاست کے اندر ہی اپنا پتہ تبدیل کرنے والے ایسے ووٹر جن کے نام ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہو سکے ہیں، انہیں فارم 8 جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ واضح رہے کہ فارم 8 کا استعمال پتے میں تبدیلی کی اطلاع دینے کے لیے کیا جاتا ہے۔
حلف نامے میں کہا گیا ہے، ”جن ووٹروں نے اپنا مقام تبدیل نہیں کیا ہے، وہ دستخط شدہ اینومریشن فارم (ضمیمہ A) کے ساتھ ضمیمہ B میں ایک بیان جمع کرا سکتے ہیں، جس میں اینومریشن فارم پہلے جمع نہ کرانے کی وجہ بتانی ہوگی۔ یہ دستاویزات الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر، اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر یا بوتھ لیول آفیسر (BLO) کے پاس خود یا اپنے خاندان کے کسی فرد کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ آن لائن جمع کرانے کی سہولت بھی دستیاب ہے۔“
الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کو یہ بھی بتایا کہ بوتھ کی سطح پر حذف کیے گئے ووٹروں کی فہرستیں ان کے نام حذف کیے جانے کی ”ممکنہ وجوہات“ کے ساتھ عام کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
جن ووٹروں نے پہلے ہی فارم 6 جمع کر دیا ہے، انہیں دوبارہ اینومریشن فارم جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ کمیشن کے مطابق، ان کی درخواستوں پر سپریم کورٹ کو دی گئی سابقہ یقین دہانی کے مطابق کارروائی کی جائے گی، یعنی کسی بھی حذف شدہ ووٹر کو فوجداری کارروائی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے فارم 6، جو عام طور پر نئے ووٹروں کے اندراج کے لیے استعمال ہوتا ہے، حذف شدہ ووٹروں کے نام دوبارہ شامل کرنے کے لیے استعمال کرنے کے فیصلے کو متنازع قرار دیا گیا ہے۔
سابق چیف الیکشن کمشنر ایس وائی قریشی نے ووٹروں کے نام دوبارہ شامل کرنے کے لیے خصوصی مہم کے اعلان کے حوالے سے پہلے کہا تھا، ”حذف شدہ ووٹر فارم 6 نہیں بھر سکتا۔ یہ صرف نئے ووٹروں کے لیے ہے۔ جن لوگوں کو زبردستی یہ فارم بھرنے پر مجبور کیا گیا ہے، انہوں نے ایک ایسا مجرمانہ فعل کیا ہے جس کی سزا ایک سال قید ہے۔ الیکشن کمیشن کے وہ افسران جنہوں نے انہیں مجبور کیا، وہ بھی اس جرم میں معاون ہیں۔ یہ پریس نوٹ الیکشن کمیشن کی جانب سے اس جرم میں معاونت کو ظاہر کرتا ہے۔“
سپریم کورٹ میں عرضی داخل کرنے والی شفافیت کے حقوق کے لیے سرگرم کارکن انجلی بھاردواج اور وکیل شیلیندر منی ترپاٹھی نے بھی فارم 6 کے مبینہ غلط استعمال کا معاملہ اٹھایا تھا۔ ان کی نمائندگی پرشانت بھوشن، نیہا راٹھی اور چند قریشی کر رہے ہیں
الیکشن کمیشن نے اپنے حلف نامے میں کہا، ”ایک ایسا نظام قائم کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے جس سے یہ یقینی بنایا جا سکے کہ مقررہ اہلیت کی شرائط پوری کرنے والے کسی بھی ووٹر کو حتمی انتخابی فہرست میں اپنا نام شامل کرانے کے موقع سے محروم نہ ہونا پڑے، ساتھ ہی ناموں کے دوہرے اندراج سے بچنے کا بھی پورا خیال رکھا جائے۔“کمیشن نے مزید کہا کہ وہ اس ضرورت سے پوری طرح واقف ہے کہ تمام اہل ووٹروں کے نام انتخابی فہرستوں میں موجود ہونے چاہئیں۔
Back to top button
Translate »