رام نومی کے موقع پر ممتا کی مبارکباد، امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل
رام نومی کے موقع پر ممتا کی مبارکباد، امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل
۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے رام نومی (Ram Navami) کے موقع پر ایکس (X) ہینڈل پر مبارکباد پیش کی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے انا پورنا پوجا کے موقع پر بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا، "رام نومی کے اس مبارک دن پر سب کو دلی مبارکباد۔” انہوں نے دعا کی کہ رام نومی کے سلسلے میں منعقدہ تمام پروگرام پرامن طریقے سے مکمل ہوں۔ انہوں نے سب سے امن، بھائی چارہ اور ہمہ جہت ترقی کی اقدار کو برقرار رکھنے کی اپیل کی۔
انا پورنا پوجا کے موقع پر ممتا نے ایکس ہینڈل پر لکھا: "تم دیوی پراپترا سکھ داتری دکھ ہرا، انا پورنا انّے کرو پورن۔ سب کو انا پورنا پوجا کی دلی مبارکباد۔” رام نومی کے لیے انہوں نے لکھا: "رام نومی کے مبارک موقع پر سب کو دلی مبارکباد۔ میری خواہش ہے کہ رام نومی کا جشن کامیاب اور پرامن طریقے سے مکمل ہو۔ میں سب سے امن، خوشحالی اور ہمہ جہت ترقی کی اقدار کو برقرار رکھنے کی اپیل کرتی ہوں۔”
جمعرات کو رام نومی کے موقع پر ریاست بھر میں مختلف مقامات پر متعدد پروگراموں کا انعقاد کیا گیا ہے۔ کہیں شوبھا یاترا، کہیں کلش یاترا تو کہیں رام کی پوجا کی جا رہی ہے۔ اس ماحول میں وزیر اعلیٰ نے ریاست میں امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس دن نیو ٹاو¿ن میں رام نومی کی شوبھا یاترا میں اسلحہ کے استعمال کا الزام لگا۔ جب پولیس نے شوبھا یاترا کو روکا تو منتظمین کی حکام کے ساتھ شدید تکرار ہوئی۔ تاہم بعد میں صورتحال پر قابو پا لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے امن کی اپیل کی ہے تاکہ رام نومی کے حوالے سے ریاست میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

