نوجوان نے لڑکی کو ‘زہر دے کر مار ڈالا’، وشنو پور میں حالات کشیدہ

 ڈائمنڈ ہاربر25دسمبر: محبت کی پیشکش قبول نہ کرنے پر ایک نوجوان کی جانب سے لڑکی کو زبردستی زہر کھلانے کا سنگین الزام سامنے آیا ہے۔ ہسپتال میں ایک ماہ تک زندگی اور موت کی جنگ لڑنے کے بعد بالآخر لڑکی دم توڑ گئی۔ بانگڑ ہسپتال میں لڑکی کی موت کے بعد مشتعل ہجوم نے ملزم کے گھر پر دھاوا بول دیا اور زبردست توڑ پھوڑ کی

 نوجوان نے لڑکی کو ‘زہر دے کر مار ڈالا’، وشنو پور میں حالات کشیدہ۔ اس واقعے کے بعد جنوبی 24 پرگنہ کے وشنو پور میں حالات انتہائی کشیدہ ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق، متوفیہ کی شناخت 19 سالہ چندرانی نسکر کے طور پر ہوئی ہے، جو وشنو پور کے رگھوناتھ پور کی رہائشی تھی۔ الزام ہے کہ علاقے کا ایک نوجوان، وشال نسکر، طویل عرصے سے اسے محبت کی پیشکش کر رہا تھا، جسے چندرانی نے مسترد کر دیا تھا۔ لڑکی کے انکار کے باوجود ملزم اسے راستے میں اکثر ہراساں کرتا تھا۔ گزشتہ 25 نومبر کو بھی وشال نے لڑکی کا راستہ روکا اور مبینہ طور پر پانی میں زہر ملا کر اسے زبردستی پلا دیا۔ چندرانی نے کسی طرح گھر پہنچ کر گھر والوں کو اس بارے میں بتایا۔
لڑکی کے اہل خانہ نے اسے فوری طور پر بانگڑ ہسپتال میں داخل کرایا، جہاں ایک ماہ تک اس کا علاج جاری رہا، لیکن بدھ کی رات اس کی موت ہو گئی۔ جیسے ہی یہ خبر گاو¿ں پہنچی، مشتعل لوگوں نے وشال کے گھر میں توڑ پھوڑ شروع کر دی۔ پولیس نے کافی مشقت کے بعد حالات پر قابو پایا اور توڑ پھوڑ کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔دوسری جانب، تحقیقاتی ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ لڑکی اور ملزم کے درمیان مبینہ طور پر محبت کا رشتہ تھا، جس پر شاید گھر والے راضی نہیں تھے۔ اس وجہ سے دونوں نے مل کر خودکشی کا منصوبہ بنایا تھا، لیکن چندرانی نے زہر کھا لیا جبکہ وشال نے ایسا نہیں کیا۔ تاہم، پولیس کا کہنا ہے کہ پورا معاملہ ابھی زیرِ تفتیش ہے۔
Back to top button
Translate »