مالدہ میں کشتی پر بجلی گرنے سے چار مسافر ہلاک، پورولیا اور ندیا میں بجلی گرنے سے 3 ہلاک
مالدہ میں کشتی پر بجلی گرنے سے چار مسافر ہلاک، پورولیا اور ندیا میں بجلی گرنے سے 3 ہلاک

منگل کی شام خراب موسم کے بعد ریاست کے مختلف علاقوں سے بجلی گرنے سے ہلاکتوں کی خبریں آنے لگیں۔ مالدہ میں دو الگ الگ واقعات میں بجلی گرنے سے کل ۶ افراد کی المناک موت ہوئی۔ مرشد آباد کے دھولیان گنگا گھاٹ سے مالدہ کے پارلال پور گھاٹ کے لیے روانہ ہونے والی ایک مسافر کشتی پر بجلی گرنے سے ۴ مسافروں کی موت ہو گئی۔ اس واقعے میں کم از کم ۱۵ دیگر شدید زخمی ہوئے۔ شام کو گاو¿ں کے قریب پٹ سن کے کھیت میں کام کرتے وقت بجلی گرنے سے دو بھائیوں کی موت ہو گئی۔ اس کے علاوہ پورولیا میں بجلی گرنے سے ۲ افراد ہلاک اور ۳ زخمی ہوئے۔ اسی طرح کانچراپاڑہ میں کھیت میں درخت کے نیچے کھڑے ہو کر فون پر بات کرتے وقت بجلی گرنے سے ایک شخص کی موت ہو گئی۔ بانکڑا کے کھترا میں بجلی گرنے سے ۲ افراد ہلاک ہوئے۔ کوچ بہار میں دو الگ الگ واقعات میں بجلی گرنے سے دو افراد کی موت ہوئی۔
ہلاک شدگان میں اسداللہ شیخ (۸۰)، انصار شیخ (۴۵)، اکرام اللہ شیخ (۸۰) اور کوچی شیخ (۲۵) شامل ہیں۔ خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔ منگل کی شام روزانہ کی طرح تقریباً ۲۵ سے ۳۰ مسافروں کو لے کر ایک کشتی دھولیان گھاٹ سے گنگا پار کر کے مالدہ کے پارلال پور گھاٹ کی طرف روانہ ہوئی تھی۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ گھاٹ پر اترنے سے چند لمحے قبل آسمان سیاہ ہو گیا اور شدید بارش شروع ہو گئی، اس کے ساتھ تیز بجلی چمکنے لگی۔ اچانک زوردار آواز کے ساتھ بجلی گرتے ہی لمحہ بھر میں کئی مسافر کشتی کے اندر گر پڑے۔ مسافروں کی چیخوں سے پورا گھاٹ علاقہ خوف و ہراس میں آ گیا۔ مقامی رہائشیوں اور انتظامیہ کی جانب سے فوری طور پر ریسکیو کارروائی شروع کر دی گئی۔ چند زخمیوں کو مالدہ میڈیکل کالج اور ہسپتال لے جایا گیا، تاہم زیادہ تر کو شمسیر گنج کے انوپ نگر بلاک ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ حالت بگڑنے پر متعدد کو جنگل پور سب ڈویڑن ہسپتال منتقل کیا گیا۔ خبر ملتے ہی شمسیر گنج تھانے کی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ ہلاک شدگان کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی ہیں۔ دوسری طرف ویشنو نگر تھانے کے جے پور کے ابو ملا پاڑہ علاقے میں شام کو پٹ سن کے کھیت میں کام کر رہے تھے دو بھائی سالک میاں (۳۵) اور جہانگیر میاں (۲۹)۔ اسی دوران بجلی گرنے سے دونوں شدید زخمی ہو گئے، انہیں بچا کر بیدر آباد دیہی ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دیا۔

