دوست کے ساتھ شراب نوشی کے بعد بہار کے نوجوان کی گنگا میں چھلانگ
دوست کے ساتھ شراب نوشی کے بعد بہار کے نوجوان کی گنگا میں چھلانگ

کولکاتا5جنوری :کولکاتا میں گنگا میں بہار سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان نے چھلانگ لگا دی۔ اتوار کی رات سے کولکاتا پولیس غوطہ خوروں کے ذریعے اس کی تلاش کر رہی ہے، تاہم پیر کی دوپہر تک اس کا کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔ نوجوان کا نام راج کمار ہے اور اس کی عمر 35 سال کے قریب بتائی جاتی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق، اتوار کی رات گنگا میں چھلانگ لگانے سے پہلے راج نے اپنے ایک دوست کے ساتھ بیٹھ کر شراب پی تھی۔
پولیس کے مطابق، راج بہار کا رہنے والا ہے لیکن ہاوڑہ میں مقیم تھا۔ اتوار کی رات وہ گنگا کے قریب ایک جگہ بیٹھ کر شراب پی رہا تھا، وہاں سے واپسی کے دوران اس نے اچانک دریا میں چھلانگ لگا دی۔ اطلاع ملتے ہی اتوار کی رات پولیس نے تلاشی مہم شروع کر دی۔ پیر کی صبح سے بھی نارتھ پورٹ تھانے کی پولیس غوطہ خوروں کی مدد سے تلاش جاری رکھے ہوئے ہے۔
تحقیقات کے دوران پولیس کو معلوم ہوا ہے کہ جس وقت راج نے گنگا میں چھلانگ لگائی، اس کا ایک دوست اس کے ساتھ موجود تھا۔ پولیس نے اس دوست سے پوچھ گچھ کی ہے اور اس واقعے کی وجوہات جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ آخر اس نے ایسا قدم کیوں اٹھایا۔

