بارانگر میں بہنوئی کے فلیٹ میں سالی کا ’قتل‘! کیا عاشق ہی ہے قاتل؟

بارانگر میں بہنوئی کے فلیٹ میں سالی کا ’قتل‘! کیا عاشق ہی ہے قاتل؟

پہنے ہوئے کپڑے پھٹے ہوئے تھے۔ اہل خانہ کا دعویٰ ہے کہ لڑکی کا موبائل فون، ہاتھ کی گھڑی، انگوٹھی، بریسلیٹ اور کانوں کی بالیاں بھی غائب ہیں! اگر خودکشی کی ہوتی تو ایسا کیسے ہوتا؟ کولکاتا کے بارانگر میں ایک بند فلیٹ کے اندر سے نوجوان لڑکی کی لاش برآمد ہونے کے معاملے میں تحقیقات آگے بڑھنے کے ساتھ ہی معمہ مزید گہرا ہوتا جا رہا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق فلیٹ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی جانچ کے بعد ایک نوجوان کی شناخت کی گئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ وہ نوجوان متوفیہ کا جاننے والا تھا۔ تفتیش کاروں کا اندازہ ہے کہ دونوں کے درمیان قریبی تعلقات بھی تھے۔
کیا رشتے میں تلخی کی وجہ سے نوجوان نے اپنی محبوبہ کو قتل کیا؟ نوجوان کو معلوم تھا کہ اس کی محبوبہ اپنی بڑی بہن اور بہنوئی کے خالی فلیٹ میں موجود ہے، اس لیے اس نے اس موقع کا فائدہ اٹھایا؟ پولیس اس امکان کو بھی خارج نہیں کر رہی ہے۔ تاہم تحقیقات کے مفاد میں فی الحال پولیس تفصیلات بتانے سے گریز کر رہی ہے۔ اتنا ضرور معلوم ہوا ہے کہ ملزم کے موبائل فون کی لوکیشن ٹریک کر لی گئی ہے۔ وہ ریاست سے باہر فرار ہو چکا ہے۔
بارانگر کے وارڈ نمبر 17 کے قریب لیک پلی علاقے میں پانچ منزلہ ایک رہائشی عمارت واقع ہے۔ منگل کی رات اس عمارت کے ایک بند فلیٹ کا دروازہ توڑ کر بارانگر تھانے کی پولیس نے 26 سالہ انجلی ساو¿ کی لاش برآمد کی۔ فلیٹ میں کوئی دوسرا شخص موجود نہیں تھا۔
معلوم ہوا ہے کہ متوفیہ کی بڑی بہن اور بہنوئی گزشتہ تقریباً چار سال سے اس فلیٹ میں رہتے تھے۔ کاروباری وجوہات کی بنا پر بہنوئی فی الحال ہوگلی کے سری رام پور میں رہتے ہیں۔ انجلی کبھی کبھار بارانگر کے اس فلیٹ میں آتی تھیں۔ ان کا اپنا گھر بارانگر کے قریب ڈنلپ علاقے میں ہے۔ ان کے بہنوئی بھی کبھی کبھار فلیٹ کا جائزہ لینے آتے تھے۔
پیر کے روز فلیٹ کے مالک، یعنی انجلی کے بہنوئی، چابیاں ایک پڑوسی کے پاس چھوڑ گئے تھے۔ منگل کی دوپہر انجلی نے اسی پڑوسی سے چابیاں لے کر فلیٹ میں داخلہ کیا۔
منگل کے روز انجلی کی بڑی بہن نے کئی مرتبہ فون کیا، لیکن ان سے رابطہ نہیں ہو سکا۔ اہل خانہ کے مطابق بعد میں پولیس کو اطلاع دی گئی۔ اتفاق سے منگل کی رات ہی پولیس فلیٹ پہنچ گئی۔ دروازہ توڑ کر اندر داخل ہونے پر نوجوان لڑکی کی لاش ملی۔ لاش کو بارانگر اسٹیٹ جنرل اسپتال بھیج دیا گیا۔ اس دوران پوسٹ مارٹم بھی مکمل ہو چکا ہے۔
منگل کی شام متوفیہ کے ایک چچا زاد بھائی نے سنسنی خیز الزام لگایا۔ ان کے مطابق انجلی کی گردن پر چوٹ کے نشانات تھے اور گلے میں سفید دوپٹے کا پھندا تھا۔ چہرے پر بھی زخم کے نشانات موجود تھے۔ اہل خانہ نے پولیس کو یہ بھی بتایا کہ انہیں کس شخص پر شبہ ہے۔ اس کے بعد پولیس نے اس شخص کی تلاش شروع کر دی۔
اسی دوران متوفیہ کا موبائل فون کچھ وقت کے لیے آن پایا گیا۔ اہل خانہ نے شکایت کی تھی کہ موبائل فون فلیٹ سے غائب ہے۔ انجلی کے بھائی کے مطابق، ابتدا میں انہوں نے بہن کے ’لاپتہ‘ موبائل فون پر ’ہائی‘ لکھ کر پیغام بھیجا۔ دوسری جانب سے جواب آیا، ”جو کچھ جاننا یا پوچھنا ہے، پوچھو، جواب مل جائے گا۔“کچھ دیر بعد ایک اور پیغام آیا، ”تمہارے درمیان ہی ہوں، لیکن پکڑ نہیں پاو¿ گے۔“ اس کے فوراً بعد موبائل فون بند ہو گیا۔اہل خانہ کا دعویٰ ہے کہ جس نوجوان پر انہیں شبہ ہے، موبائل فون اسی کے پاس ہے۔ انہوں نے پولیس کو ان پیغامات کے اسکرین شاٹس بھی فراہم کیے ہیں۔
قتل کی وجہ کیا ہو سکتی ہے؟ اس سوال کا جواب تلاش کرنے کے لیے تفتیش کار اہل خانہ کے علاوہ فلیٹ میں رہنے والے دیگر افراد سے بھی پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔ ان سے یہ جاننے کی کوشش کی گئی ہے کہ لڑکی کی موت سے پہلے یا بعد میں کسی اجنبی کو عمارت میں داخل ہوتے یا باہر جاتے ہوئے دیکھا گیا تھا یا نہیں۔
تاہم متوفیہ کے موبائل فون سے پیغامات بھیجنے کے پیچھے کیا مقصد ہو سکتا ہے، یہ بات پولیس کے لیے بھی پریشانی کا سبب بنی ہوئی ہے۔ تفتیش کاروں کا اندازہ ہے کہ لڑکی کی موت کے بعد اس کے موبائل فون کا استعمال کرکے اہل خانہ سے رابطہ کرنے کے پیچھے کوئی خاص مقصد ہو سکتا ہے۔ ممکن ہے کہ ملزم کوئی پیغام دینا چاہتا ہو۔ دوسری جانب یہ تفتیش کاروں کو گمراہ کرنے کی ایک سازش بھی ہو سکتی ہے۔پولیس ملزم کی ذہنی کیفیت اور قتل کی ممکنہ وجوہات کے مختلف پہلوو¿ں سے تحقیقات کر رہی ہے۔
مقامی رکن اسمبلی سجل گھوش نے بدھ کے روز پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ ساتھ علاقے کے باشندوں سے بھی بات چیت کی۔ انہوں نے متوفیہ کے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔ بی جے پی کے اس رکن اسمبلی نے کہا، ”قصوروار ضرور پکڑا جائے گا۔ تاہم تحقیقات کے مفاد میں پولیس کو کچھ اور وقت دینے کی ضرورت ہے۔“

Check Also
Close
Back to top button
Translate »