
جوکا-ساگر ڈائمنڈ ہاربر روڈ کو چوڑا کرنے کی تجویز نتن گڈکری کے سامنے پیش
جوکا-ساگر ڈائمنڈ ہاربر روڈ کو چوڑا کرنے کی تجویز نتن گڈکری کے سامنے پیش
پیر کو جنوبی 24 پرگنہ کے بی جے پی کے چار اراکین اسمبلی نے دہلی میں مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہ نتن گڈکری سے ملاقات کی۔ ان کا دعویٰ ہے کہ مرکزی وزیر نے اس تجویز پر مثبت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ منصوبے پر عمل درآمد کی ابتدائی کارروائی کے طور پر انہوں نے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈی پی آر) تیار کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔
گنگاساگر کا سفر مزید آسان بنانے کے لیے جوکا سے ساگر جزیرے تک ڈائمنڈ ہاربر روڈ کو چوڑا کرنے کی پہل کی گئی ہے۔ موجودہ دو لین والی سڑک کو بڑھا کر چار سے چھ لین کرنے کی تجویز کے ساتھ پیر کو جنوبی 24 پرگنہ کے چار بی جے پی اراکین اسمبلی نے دہلی میں مرکزی وزیر نتن گڈکری سے ملاقات کی۔ ان کا دعویٰ ہے کہ مرکزی وزیر نے اس تجویز پر مثبت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ منصوبے پر عمل درآمد کی ابتدائی کارروائی کے طور پر انہوں نے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈی پی آر) تیار کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔
ساگر کے رکن اسمبلی سمنت منڈل، پھلتا کے رکن اسمبلی دیبانشو پانڈا، سات گچھیا کے رکن اسمبلی اگنیشور نسکر اور بہالا مشرق کے رکن اسمبلی شنکر سکندر نے گڈکری کو تجویز سے متعلق ایک یادداشت پیش کی۔
اراکین اسمبلی کے مطابق، انہوں نے وزیر کو بتایا کہ جوکا سے ڈائمنڈ ہاربر تک دو لین والی سڑک کو چار لین میں تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ ساگر تک سڑک کی گنجائش بڑھانا بھی ضروری ہے۔ گڈکری نے تجویز قبول کرتے ہوئے جلد ڈی پی آر تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ان کے خیال میں اس طرح منصوبے پر عمل درآمد کی سمت ابتدائی پیش رفت ہوئی ہے۔
جنوبی 24 پرگنہ کے وسیع پسماندہ علاقوں اور سندربن کے کئی حصوں میں اب بھی بہتر سڑک رابطے کی کمی کی شکایت طویل عرصے سے کی جاتی رہی ہے۔ سرزمین سے ساگر جزیرے تک پہنچنے کے لیے ڈائمنڈ ہاربر روڈ اہم راستوں میں سے ایک ہے۔
ہر سال مکر سنکرانتی کے موقع پر منعقد ہونے والے گنگاساگر میلے میں ملک اور بیرون ملک سے لاکھوں عقیدت مند پہنچتے ہیں۔ وہ کپل منی کے آشرم میں پوجا کرنے کے ساتھ سمندر میں مقدس غسل بھی کرتے ہیں۔ اس وجہ سے میلے کے دوران اس سڑک پر گاڑیوں کا دباو¿ کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مئی میں ریاست میں بی جے پی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد وزیر اعلیٰ شوبھندو ادھیکاری نے گنگاساگر میلے کو بین الاقوامی معیار کا بنانے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔ انتظامی حلقوں کے ایک طبقے کے مطابق، اس مقصد کو پورا کرنے کے لیے سڑک رابطے کو بہتر بنانا انتہائی ضروری ہے۔
صرف میلے کے دوران عقیدت مندوں کی آمدورفت ہی نہیں، بلکہ سال بھر سندربن میں سیاحت، تجارت اور مقامی باشندوں کے آمدورفت کے نظام کو بہتر بنانے میں بھی اس سڑک کی توسیع اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ ڈی پی آر تیار ہونے کے بعد اس منصوبے پر عمل درآمد کا کام کتنی تیزی سے آگے بڑھتا ہے۔


