
بلقیس بانو نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا عزم ظاہر کیا، دو مجرموں کی سزا معطل ہونے پر سوال: ’مجھے اطلاع تک کیوں نہیں دی گئی؟‘
بلقیس بانو نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا عزم ظاہر کیا، دو مجرموں کی سزا معطل ہونے پر سوال: ’مجھے اطلاع تک کیوں نہیں دی گئی؟‘
بلقیس بانو نے پیر کے روز سپریم کورٹ کے اس فیصلے پر شدید دکھ، صدمے اور بے یقینی کا اظہار کیا، جس میں 2002 کے گجرات فسادات کے دوران اجتماعی عصمت دری اور ان کے خاندان کے سات افراد کے قتل کے معاملے میں سزا یافتہ دو افراد کی عمر قید کی سزا معطل کردی گئی ہے۔
عدالت نے 28 اکتوبر کو دونوں مجرموں کی سزاو¿ں اور جرم ثابت ہونے کے خلاف دائر اپیلوں کی سماعت کے دوران یہ حکم جاری کیا تھا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں دونوں افراد کے 17 سال سے زیادہ عرصے تک جیل میں رہنے اور ان میں سے ایک کی شدید معذوری کا حوالہ دیا۔ عدالت نے انہیں ضمانت بھی دے دی، تاہم ان کی سزائیں برقرار ہیں۔بلقیس بانو نے پیر کو اپنے وکیل اور سینئر ایڈووکیٹ شوبھا گپتا کے ذریعے جاری بیان میں کہا:”مجھے اب بھی یقین نہیں ہو رہا کہ دوسری بار پھر سپریم کورٹ نے مجھے بلائے اور میری بات سنے بغیر حکم جاری کردیا۔ مجھے اس فیصلے کی اطلاع بھی اخبارات کی خبروں کے ذریعے ملی۔“
انہوں نے سوال کیا، ”معزز سپریم کورٹ ان لوگوں کی سزا کیسے معطل کرسکتی ہے جنہوں نے میرے ساتھ یہ سب کیا؟ مجھے اطلاع تک کیوں نہیں دی گئی؟ عدالت نے یہ یقینی بنانے کی کوشش کیوں نہیں کی کہ عدالت میں میری آواز بھی سنی جائے؟“
فروری 2002 میں گودھرا ٹرین آتشزدگی کے واقعے کے بعد پھوٹنے والے فرقہ وارانہ فسادات کی خوفناک یادوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا:
”میں اس وقت محض 19 سال کی ایک نوجوان لڑکی تھی، جب میری دنیا، میری ننھی بیٹی، میرا خاندان، میرا گھر اور انسانیت پر میرا اعتماد مجھ سے چھین لیا گیا۔ اس دن سے گزشتہ 24 برسوں تک میں نے انصاف کے لیے جدوجہد جاری رکھی ہے، نہ صرف اپنے لیے بلکہ دنیا بھر کی خواتین کے لیے بھی۔“
فسادات کے دوران جب بلقیس بانو اپنی جان بچانے کے لیے فرار ہونے کی کوشش کر رہی تھیں، اس وقت وہ پانچ ماہ کی حاملہ تھیں اور ان کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی گئی تھی۔ ان کی تین سالہ بیٹی بھی قتل کیے گئے خاندان کے سات افراد میں شامل تھی۔انہوں نے بتایا کہ خاندان اور دوستوں کی مدد سے انہوں نے دوبارہ زندگی شروع کرنے کی کوشش کی۔
بلقیس بانو نے کہا، ”میں انصاف کے لیے ایک کے بعد ایک عدالت کے چکر لگاتی رہی اور ہر بار انصاف ملنے پر شکر گزار رہی۔ ہر بار میرا عدالتی نظام پر اعتماد بحال ہوا۔“
انہوں نے مزید کہا، ”لیکن آج مجھے ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ جس انصاف کے لیے میں نے اتنی طویل جدوجہد کی، وہی انصاف مجھ سے دوبارہ چھینا جا رہا ہے۔ پرانے خوف پھر لوٹ رہے ہیں۔ مجھے ایک بار پھر اپنے لیے، اپنے خاندان اور اپنے بچوں کے لیے ڈر محسوس ہو رہا ہے۔ مجھے یہ خوف بھی ہے کہ کہیں انصاف پر میرا اعتماد دوبارہ ختم نہ ہوجائے۔“
بلقیس بانو نے کہا کہ وہ اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے سپریم کورٹ کے اس حکم کو چیلنج کریں گی، کیونکہ وہ نہیں چاہتیں کہ ان کے بچے زندگی بھر ان خوفناک یادوں اور زخموں کے سائے میں زندگی گزاریں۔
انہوں نے کہا، ”میں یہ جدوجہد اپنی تین سالہ بیٹی صالحہ کے لیے کر رہی ہوں، جسے زندہ رہنے کا حق تھا اور جس کی یاد آج بھی انصاف کا تقاضا کرتی ہے۔ میں یہ جدوجہد دنیا بھر کی خواتین کے لیے بھی کر رہی ہوں۔ کیونکہ کسی بھی عورت، کسی بھی متاثرہ شخص یا شہری کو اپنی شناخت، برابری اور انصاف کے لیے پوری زندگی اس طرح جدوجہد کرنے پر مجبور نہیں ہونا چاہیے۔


