اب تک کے جنگ میں کس نے کیا حاصل کیا اور کیا کھویا ؟
اب تک کے جنگ میں کس نے کیا حاصل کیا اور کیا کھویا ؟
محمد اسلم پرویز
ایران
ایران نے دنیا کو یہ سبق پڑھایا کہ جنگ صرف قوت اور وسائل سے نہیں جیتی جاتی اس کے لیے حوصلہ، عزم اور اللہ پر بھروسہ چاہیے ۔ ایران نے اسرائیل اور امریکہ کی ناقابل شکست قوت کا راز فاش کر دیا ۔ اسرائیل کے ائرن ڈوم جس کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ یہ وہ جدید سسٹم ہے جس کے ہوتے ہوئے اسرائیل کی فضا میں ایک پرندہ بھی پر نہیں مار سکتا ایران نے اسکی ہوا نکال دی ۔ امریکہ کا ایف 35 فائٹر جیٹ، جس کو دنیا کا سب سے خطرناک لڑاکا جہاز مانا جاتا ہے ۔ جس کے بارے میں مشہور ہے کہ یہ لڑاکا جہاز ریڈار پر نظر نہیں اتا، دشمن کے لیے اسکو پکڑنا ناممکن ہے، دشمن کے کسی اڈے کو چھپ کر نشانہ بنا سکتا ہے ۔ ایران کی معمولی میزائل نے اسکی ہوا نکال دی ۔ ایران نے یورپین ممالک کو امریکہ کے خلاف اواز بلند کرنے کا حوصلہ دیا ۔ پندرہ دن کے اس سیز فائر نے امریکہ کو ذلیل اور ایران کو سرفراز کیا۔
امریکہ
اس جنگ نے امریکہ کی ناقابل شکست قوت کا پول پوری طرح کھول کر رکھ دیا ۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنی بچکانہ اور نہایت نازیبا حرکات سے امریکہ کی امن پسند عوام کو رسوا کیا ۔ چالیس دنوں تک دنیا کو خوف و ہراس میں مبتلا رکھا ۔ اگر سیز فائر میں کچھ دنوں کی تاخیر ہو جاتی تو بہت ممکن تھا کہ امریکہ کو عوامی اور فوجی بغاوت کا سامنا کرنا پڑ جاتا ۔
اسرائیل
اس جنگ میں اسرائیل امریکہ کے لیے نادان دوست ثابت ہوا۔ عالمی سطح پر اسرائیل کے اوپر تنقید اور دباؤ میں بہت زیادہ اضافہ ہو گیا ۔ اسرائیل ایران پر بے وجہ حملہ کرکے پوری دنیا کی معیشت کو تباہ و برباد کرنے کا مورد الزام ٹھہرا ۔ مستقل جنگ بندی کامیاب ہو گئی تو امریکہ کے ساتھ اسرائیل کا رشتہ سرد مہری کا شکار ہو جائے گا ۔
عرب ممالک
اس جنگ میں عرب ممالک نے اپنی بے بسی کمزوری اور منافقت کا منظر پیش کیا ۔ ایران کے بعد سب سے زیادہ مالی نقصانات بھی اسے ہی اٹھانا پڑا ہے، علاوہ ازیں جنگ بندی کے بعد امریکہ ان سے پائی پائی کا حساب وصول کرے گا اور انہی کے پیسوں سے عرب کی سرزمین پر اپنے بیس کو مضبوط کرنے کی کوشش کرے گا ۔ اس جنگ میں مال و دولت اور عزت و ابرو ہر چیز کا نقصان عرب ممالک کو برداشت کرنا پڑا ہے ۔
یورپین یونین
یوروپین ممالک جو امریکہ کے دھن پر رقص کیا کرتے تھے، پہلی بار صاف طور سے امریکہ کو اپنا بیس اور فوجی سازوسامان فراہم کرنے سے منع کر دیا، جس سے ڈونالڈ ٹرم اگ بگولا ہو گئے اور نیٹو سے پلڑا جھاڑنے کی دھمکی دے ڈالی۔ اس جنگ نے NATO اور امریکہ کے درمیان نہ پٹنے والا دراڑ پیدا کر دیا ۔ اگر سیز فائر کے بعد مستقل جنگ بندی کا اعلان ہو گیا تو دنیا ایک بڑی تبدیلی کا استقبال کرے گی اور دنیا پر امریکہ کی بالادستی کا زور ٹوٹ جائے گا ۔
ہندوستان
ایک عظیم ملک کی حیثیت سے اس کا رول ایک تماشائی سے زیادہ کچھ نہیں رہا ۔ اسرائیل کو Father Land کہ کر ہندوستان کی قدیم تاریخ و تہذیب کا مذاق اڑایا ۔ یہودیوں کی بارہ سے اٹھارہ سو سال قبل مسیح تہذیب اور سرزمین کو بھارتیہ قدیم تہزیب ( انیس سو سے چھبیس سو قبل مسیح) کے آباؤ اجداد کا گھر بتایا ۔ حالانکہ بھارتیہ تہزیب کی ابتدا یہودیوں کی قومی تہذیب سے بہت پہلے کی ہے ۔
پاکستان
ایران جس کو جڑ سے مٹا دینے اور ائرن ایج میں پہنچا دینے کا مسمم ارادہ کر لیا گیا تھا اور دنیا ایک بڑی تباہی سے چند گھنٹے دور تھی کہ پاکستان کی ثالثی نے ایک عالمی جنگ کو ٹالنے میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان کی جانب سے امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی کی کوشش ایک نہایت اہم اور قابل تحسین سفارتی کامیابی ہے ۔ یہ ایک ایسا کردار ہے جو صرف وہی ملک ادا کر سکتا ہے جس پر دونوں فریق اعتماد رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ امریکہ اور ایران دونوں نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ موجودہ سیز فائر کے تناظر میں پاکستان کی ثالثی نہ صرف ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے بلکہ عالمی امن کے لیے امید کا ایک روشن باب ہے ۔ اگر یہ سلسلہ کامیاب ہو گیا تو پاکستان مستقبل میں بین الاقوامی تنازعات کے حل میں ایک موثر اور معتبر کردار ادا کر سکتا ہے


