ووٹنگ ختم ہوتے ہی کولکاتا کے کئی علاقوں میں تشدد کے واقعات ہوئے
ووٹنگ ختم ہوتے ہی کولکاتا کے کئی علاقوں میں تشدد کے واقعات ہوئے
مغربی بنگال میں دوسرے مرحلے کی ووٹنگ ختم ہوتے ہی کولکتہ کے کئی علاقے تشدد کی لپیٹ میں آگئے۔ ترنمول کانگریس (TMC) نے بی جے پی اور مرکزی فورسز پر اپنے کارکنوں اور خواتین پر حملوں کا سنگین الزام لگایا ہے۔جنوبی کولکتہ کے بیہالا مغربی حلقے کے وارڈ نمبر 129 میں بدھ کی رات اس وقت کشیدگی پھیل گئی جب چند شرپسندوں نے ترنمول کانگریس کے دفتر پر اینٹوں اور لاٹھیوں سے حملہ کر دیا۔
ترنمول کا الزام ہے کہ بی جے پی کے حامیوں نے پارٹی دفتر میں بیٹھے کارکنوں پر حملہ کیا۔ سابق کونسلر اور ریاستی ٹی ایم سی لیڈر انجن داس اس حملے میں شدید زخمی ہوئے، ان کا سر پھٹ گیا ہے۔ مجموعی طور پر پانچ افراد زخمی ہیں جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔پولیس نے اس معاملے میں اب تک 4 افراد کو گرفتار کیا ہے اور علاقے میں ریف (RAF) تعینات کر دی گئی ہے۔ترنمول امیدوار رتنا چٹرجی نے کہا کہ بی جے پی اپنی شکست کے خوف سے تشدد کا سہارا لے رہی ہے۔نیو الیپور اور جودھ پور پارک کے علاقوں میں مرکزی فورسز (CRPF) کے خلاف مقامی لوگوں اور ترنمول کارکنوں نے احتجاج کیا۔ الزام لگایا گیا ہے کہ سی آر پی ایف کے جوانوں نے بستیوں میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور خواتین کے ساتھ بدتمیزی و دست درازی کی۔ اس واقعے میں 9 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے تین کو بانگڑ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔جودھ پور پارک ویمن پولی ٹیکنیک کے سامنے بھی فورسز پر لاٹھی چارج کا الزام ہے۔

