ٹرمپ نے کولمبیا کے صدر گستاؤ پیٹرو کو بھی دھمکی دے دی
ٹرمپ نے کولمبیا کے صدر گستاؤ پیٹرو کو بھی دھمکی دے دی
واشنگٹن (05 جنوری 2026): امریکی صدر ٹرمپ نے کولمبیا کے صدر گستاؤ پیٹرو اور میکسیکو کو بھی دھمکی دے دی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا سے واپسی پر طیارے میں گفتگو میں کہا کہ اگلا ہدف کولمبیا کے صدر پیٹرو ہوں گے، ان کی کوکین کی فیکٹریاں ہیں جہاں وہ کوکین بناتے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا گستاؤ پیٹرو کوکین کو امریکا میں فروخت کرتے ہیں، ان کے لیے بہتر ہوگا کہ سمجھ جائیں، ورنہ وہ اگلا نشانہ ہوں گے۔ امریکی صدر نے کہا کہ میکسیکو کو بھی اپنا نظام درست کرنا ہوگا۔
روئٹرز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کے روز کولمبیا کی حکومت کے خلاف فوجی کارروائی کی دھمکی دی اور صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ایسی کارروائی ’’مجھے تو اچھی لگتی ہے۔‘‘ ٹرمپ نے ایئر فورس ون میں صحافیوں کو بتایا ’’کولمبیا بھی بہت بیمار ہے، اسے ایک بیمار آدمی چلا رہا ہے، جو کوکین بنانے اور اسے امریکا میں فروخت کرنے کا شوق رکھتا ہے، اور وہ یہ زیادہ عرصے تک نہیں کر پائے گا۔‘‘
ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کے بعد گرین لینڈ پر نظریں جما دیں، انٹرویو میں کیا کہا؟
جب ان سے براہِ راست پوچھا گیا کہ آیا امریکا کولمبیا کے خلاف فوجی کارروائی کرے گا، تو ٹرمپ نے جواب دیا ’’یہ مجھے تو اچھا لگتا ہے۔‘‘ خیال رہے کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو عالمی قوانین کو روندتے ہوئے امریکی فوج نے ایک چھاپے میں گرفتار کر کے منشیات کی اسمگلنگ کے الزامات کا سامنا کرنے کے لیے نیویارک منتقل کر دیا ہے، جس کے بعد سے ٹرمپ نے مختلف ممالک کو ایسی ہی کارروائیوں کی دھمکیاں دینا شروع کر دی ہیں۔
اس سے قبل امریکی صدر نے ایک انٹرویو میں کہا ہمیں گرین لینڈ کی ضرورت ہے، امریکی دفاع کے لیے گرین لینڈ ضروری ہے، گرین لینڈ روس اور چینی بحری جہازوں سے گھرا ہوا ہے۔

