باگھا جاتن اسٹیشن پر آگ لگے سے افراتفری
باگھا جاتن اسٹیشن پر آگ لگے سے افراتفری

کولکاتا12جنوری :باگھا جاتن اسٹیشن پر علی الصبح آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، جس کی وجہ سے سیالدہ ساو¿تھ سیکشن پر ٹرینوں کی آمد و رفت کافی دیر تک معطل رہی۔ ہفتے کے پہلے ہی دن روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
پیر کی صبح 6 بجے کے بعد باگھا جتین اسٹیشن پر واقع کپڑے کی ایک دکان میں اچانک آگ لگ گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے دکان جل کر راکھ ہوگئی اور آگ کے شعلے تیزی سے بلند ہونے لگے۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور تقریباً آدھے گھنٹے کی محنت کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ تاہم، اس آتشزدگی کی وجہ سے دکان میں موجود کپڑے کا تمام سامان جل گیا اور بھاری مالی نقصان ہوا ہے۔
اسٹیشن پر آگ کی شدت اور دھوئیں کے باعث حفاظتی وجوہات کی بنا پر ٹرینیں چلانا ممکن نہیں تھا۔ پورا اسٹیشن احاطہ کالے دھوئیں کی لپیٹ میں آگیا تھا۔ چونکہ سیالدہ سے جنوب کی طرف جانے والی تمام ٹرینوں کو باگھا جتین اسٹیشن سے گزرنا پڑتا ہے، اس لیے سیالدہ ساو¿تھ سیکشن پر سروس طویل عرصے تک بند رہی۔ ٹرینیں نہ ہونے کی وجہ سے مختلف اسٹیشنوں پر مسافروں کا ہجوم جمع ہو گیا، اور کام کا دن ہونے کی وجہ سے مسافروں کی تعداد بھی بہت زیادہ تھی۔ کئی لوکل ٹرینیں مختلف اسٹیشنوں پر کھڑی رہیں۔ آگ بجھانے کے بعد آہستہ آہستہ ٹرین سروس بحال کر دی گئی ہے، تاہم صورتحال کو مکمل طور پر معمول پر آنے میں مزید وقت لگے گا۔

