مدھیامک امتحانات کے پہلے ہی دن طلباءایک بڑے حادثے سے بال بال بچ گئے
مدھیامک امتحانات کے پہلے ہی دن طلباءایک بڑے حادثے سے بال بال بچ گئے

توفان گنج2فروری : ناککاٹی گاچھ ہائر سیکنڈری اسکول میں پیش آنے والے اس واقعے نے علاقے میں سنسنی پھیلا دی۔ تاہم، پولیس اور انتظامیہ کی مستعدی کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔پیر کے روز متعینہ وقت پر اسکول میں امتحان شروع ہوا تھا، جہاں بالابھوت ہائی اسکول، بالابھوت ودیا ساگر ودیا پیٹھ اور کرشن پور اسکول کے کل 202 طلبائ امتحان دے رہے تھے۔ امتحان کے دوران اسکول کی کینٹین میں چائے بناتے وقت اچانک گیس سلنڈر میں آگ لگ گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ کے شعلوں نے اسکول کے احاطے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ لیکن امتحانی مرکز پر تعینات پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر بہادری کا مظاہرہ کیا۔پولیس اہلکار جلتے ہوئے سلنڈر کو تیزی سے کھینچ کر اسکول کی عمارت سے باہر میدان کے بیچ میں لے گئے۔ گیلے بوریاں ڈال کر آگ بجھانے کی کوشش کی گئی لیکن صورتحال قابو میں نہیں آئی۔ توفان گنج فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی، لیکن فائر بریگیڈ کے پہنچنے سے پہلے ہی سلنڈر زوردار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔ دھماکے کی آواز سے خوفزدہ ہو کر طلبائ امتحان چھوڑ کر اسکول کے میدان میں باہر نکل آئے۔ خبر ملتے ہی توفان گنج کے سب ڈویڑنل مجسٹریٹ کنگ شوک میتی، ایس ڈی پی او کنے دھارا منوج کمار اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے۔ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد طلبائ کو تسلی دی گئی۔ اسکول کے انچارج ہیڈ ماسٹر دولال بساک نے بتایا، "پولیس کی مستعدی سے ایک بڑا خطرہ ٹل گیا ہے۔ دھماکہ خالی میدان میں ہونے کی وجہ سے کوئی زخمی نہیں ہوا۔ صورتحال معمول پر آنے کے بعد طلباء نے دوبارہ سکون سے اپنا امتحان مکمل کیا۔

