بھاری مقدار میں نقد رقم، سونا ور غیر ملکی کرنسی ضبط
بھاری مقدار میں نقد رقم، سونا ور غیر ملکی کرنسی ضبط
مغربی بنگال اسمبلی انتخابات سے قبل نافذ العمل مثالی ضابطہ اخلاق (Model Code of Conduct) کے دوران ریلوے پروٹیکشن فورس (RPF) نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں نقد رقم، سونا اور غیر ملکی کرنسی برآمد کی ہے۔ نقد رقم اور امریکی ڈالر کی برآمدگی آر پی ایف نے مختلف چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر 1 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سامان، سونا اور نقدی برآمد کی ہے۔ حالیہ کارروائی میں 43,000 امریکی ڈالر (جس کی ہندوستانی مالیت تقریباً 40 لاکھ 2 ہزار 440 روپے ہے) قبضے میں لیے گئے ہیں۔آر پی ایف کے حکام نے بامن گاچھی ریلوے اسٹیشن سے دو افراد کو حراست میں لیا جن کے پاس سے 32 لاکھ 3 ہزار 900 روپے کی نقدی برآمد ہوئی۔نقد روپے اور امریکی ڈالر ملا کر صرف ایک کارروائی میں 72 لاکھ 6 ہزار 340 روپے ضبط کیے گئے۔ حراست میں لیے گئے افراد ان پیسوں کے حوالے سے کوئی بھی قانونی دستاویز یا درست ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہے۔ انتخابی گہما گہمی کے دوران اس قدر بڑی مقدار میں غیر ملکی کرنسی اور نقدی ملنے سے سیکیورٹی ایجنسیاں الرٹ ہو گئی ہیں، کیونکہ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان پیسوں کا استعمال انتخابی عمل کو متاثر کرنے کے لیے کیا جا سکتا تھا۔آر پی ایف اور دیگر ریاستی ایجنسیاں غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے ریلوے اسٹیشنوں اور دیگر حساس مقامات پر سخت تلاشی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔

