
ہوڑہ اسٹیشن پر نوٹوں کے بنڈل برآمد! ممبئی میل سے بیگ بھر کر لائی گئی نقد رقم، ٹرین سے اترتے ہی آر پی ایف نے پکڑا
ہوڑہ اسٹیشن پر نوٹوں کے بنڈل برآمد! ممبئی میل سے بیگ بھر کر لائی گئی نقد رقم، ٹرین سے اترتے ہی آر پی ایف نے پکڑا
ہوڑہ اسٹیشن پر نوٹوں کے بنڈل کے ساتھ ایک مسافر کو پکڑا گیا۔ مہاراشٹر کے رہنے والے سوجیت کالے نامی شخص کو آر پی ایف نے حراست میں لے لیا ہے۔ اس کے قبضے سے تقریباً 67 لاکھ روپے نقد برآمد ہوئے ہیں۔ تاہم سوجیت رقم کے ذرائع کے بارے میں کوئی اطمینان بخش وضاحت نہیں دے سکے۔
اتوار کی رات ہاوڑہ اسٹیشن کے نیو کمپلیکس میں آر پی ایف کے اہلکار گشت کر رہے تھے۔ اسی دوران سوجیت پر فورس کی نظر پڑی۔ اس کی سرگرمیاں مشکوک محسوس ہونے پر آر پی ایف اہلکاروں نے اس سے پوچھ گچھ شروع کی۔ جوابات اطمینان بخش نہ ہونے پر اہلکاروں نے سوجیت کے بیگ کی تلاشی بھی لی۔ اسی دوران بیگ سے نوٹوں کے کئی بنڈل برآمد ہوئے۔ مجموعی طور پر تقریباً 67 لاکھ روپے نقد برآمد کیے گئے۔
آر پی ایف ذرائع کے مطابق سوجیت مہاراشٹر کے سولہاپور کا رہنے والا ہے۔ پوچھ گچھ کے دوران اس نے دعویٰ کیا کہ گیا ٹاو¿ن شپ علاقے میں اس کی ایک دکان ہے۔ اتوار کی رات وہ ممبئی میل سے ہاوڑہ پہنچا تھا۔ سوجیت کا دعویٰ ہے کہ وہ کولکاتا کے بڑا بازار سے سونا اور چاندی خریدنے کے لیے رقم لے کر آیا تھا۔ لیکن آر پی ایف کو اس کا جواب اطمینان بخش نہیں لگا۔ اس کے علاوہ سوجیت نوٹوں کے ان بنڈلوں کے ذرائع کے بارے میں بھی کوئی وضاحت نہیں دے سکا۔ وہ نقد رقم سے متعلق کوئی دستاویز بھی پیش نہیں کر سکا۔
اسی وجہ سے آر پی ایف نے اسے حراست میں لے کر محکمہ انکم ٹیکس کو اطلاع دی۔ ذرائع کے مطابق برآمد شدہ رقم اور حراست میں لیے گئے شخص کو محکمہ انکم ٹیکس کے حوالے کیا جائے گا۔


