اگلے سال مارچ تک ہی ہولونگ فاریسٹ بنگلے کا کام مکمل کرنا ہوگا، وزیر اعلیٰ شوبھندو کا اعلان

اگلے سال مارچ تک ہی ہولونگ فاریسٹ بنگلے کا کام مکمل کرنا ہوگا، وزیر اعلیٰ شوبھندو کا اعلان

تاریخی ہولونگ فاریسٹ بنگلے کی ازسرنو تعمیر کا کام آئندہ مارچ تک مکمل کرنے کی آخری تاریخ وزیر اعلیٰ شوبھندو ادھیکاری نے مقرر کردی ہے۔ منگل کو شمالی بنگال کے دورے کے دوران انہوں نے علی پور دوار کے نیل گراو¿نڈ میں منعقدہ سرکاری ’رائنو ڈے‘ پروگرام میں شرکت کی۔ پروگرام کے بعد صحافیوں سے گفتگو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ ہولونگ فاریسٹ بنگلے کا کام کب تک مکمل ہوگا تو وزیر اعلیٰ نے کہا، ”ہولونگ بنگلے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ میں نے کام جلد مکمل کرنے کو کہا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ آئندہ مارچ تک کام مکمل ہوجائے گا۔“
قابل ذکر ہے کہ 1967 میں جلداپارا نیشنل پارک کے اندر ہولونگ فاریسٹ بنگلہ تعمیر کیا گیا تھا۔ فطرت اور جنگلی حیات کے قریب رہنے کے منفرد تجربے کی وجہ سے یہ فاریسٹ بنگلہ جلد ہی سیاحوں میں مقبول ہوگیا تھا۔ 18 جون 2024 کی رات تقریباً 9 بجے ایک تباہ کن آگ میں لکڑی سے بنا یہ تاریخی بنگلہ جل کر خاک ہوگیا تھا۔ اس واقعے میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا تھا۔ سیاحتی حلقوں میں بھی مایوسی چھا گئی تھی۔
آتش زدگی سے پہلے ہولونگ فاریسٹ بنگلے میں لکڑی سے بنے آٹھ کمرے تھے۔ محکمہ جنگلات کے ذرائع کے مطابق ازسرنو تعمیر کے بعد بھی کمروں کی تعداد آٹھ ہی رکھی جائے گی۔ تاہم اس بار تعمیر کے دوران اضافی احتیاط برتی جا رہی ہے۔ محفوظ جنگل کے اندر براہِ راست کنکریٹ کی تعمیر پر قانونی پابندیوں کے باعث خصوصی ٹیکنالوجی کی مدد سے لکڑی اور کنکریٹ کے امتزاج سے محفوظ ڈھانچہ تیار کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ ساتھ ہی لکڑی کی روایتی خوبصورتی بھی برقرار رکھی جائے گی۔ مستقبل میں آتش زدگی کے خطرے کو کم کرنے کے لیے آگ سے محفوظ رہنے والے مواد کا بھی استعمال کیا جائے گا۔

Back to top button
Translate »