27 جنوری کو ملک گیر بینک ہڑتال، کیا اے ٹی ایم (ATM) خدمات بھی بند رہیں گی؟
27 جنوری کو ملک گیر بینک ہڑتال، کیا اے ٹی ایم (ATM) خدمات بھی بند رہیں گی؟

کولکاتا15جنوری :بینک یونینز اور انتظامیہ کے درمیان ہونے والے مذاکرات بے نتیجہ رہے، جس کے باعث 27 جنوری کو بینک ہڑتال کا ہونا طے پایا ہے۔ اس ہڑتال کی وجہ سے ملک بھر میں مسلسل چار دن تک بینکنگ خدمات معطل رہیں گی، جبکہ مغربی بنگال میں یہ تعطیلات پانچ دن پر محیط ہوں گی۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس کا اثر اے ٹی ایم خدمات پر بھی پڑ سکتا ہے۔
‘یونائیٹڈ فورم آف بینک یونینز’ نے ہفتے میں پانچ دن کام (Five-day week) کے مطالبے پر اس ہڑتال کی کال دی ہے۔ تنظیم کا مطالبہ ہے کہ ہر ہفتہ (Saturday) بینک بند رکھے جائیں۔ تنظیم کے ایک عہدیدار سنجے داس کے مطابق، انہوں نے اس کے بدلے ہفتے کے باقی ایام میں کسٹمر سروس کے لیے روزانہ 40 منٹ اضافی کام کرنے کی تجویز دی ہے، لیکن ‘انڈین بینکنگ ایسوسی ایشن’ (IBA) اس پر راضی نہیں ہے۔
بدھ کو ممبئی میں آئی بی اے اور ہڑتالی تنظیموں کے درمیان ہونے والی میٹنگ میں کوئی معاہدہ نہ ہو سکا، جس کے بعد ہڑتال کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ غیر منظم شعبے کے ملازمین بھی اس ہڑتال میں شامل ہوں گے۔ اگرچہ آو¿ٹ سورسنگ کے ذریعے اے ٹی ایم بھرنے کا انتظام ہوتا ہے، لیکن مسلسل تعطیلات اور ہڑتال کی وجہ سے اے ٹی ایم میں نقدی (Cash) کی قلت پیدا ہو سکتی ہے۔ البتہ، آن لائن لین دین (Online Transactions) معمول کے مطابق جاری رہے گا۔

