داس پور کے جلسے سے ابھیشیک بنرجی نے بی جے پی کی ’سازش‘ کا پردہ فاش کر دیا
داس پور کے جلسے سے ابھیشیک بنرجی نے بی جے پی کی ’سازش‘ کا پردہ فاش کر دیا

کولکاتا25مارچ :بی جے پی کے پاس بوتھ پر بٹھانے کے لیے لوگ نہیں ہیں! اسی لیے ترنمول کے بوتھ لیول ایجنٹوں کو خطیر رقم کا لالچ دیا جا رہا ہے۔ داس پور کے جگن ناتھ پور میں انتخابی مہم کے دوران ترنمول کانگریس کے کل ہند جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی نے یہ سنسنی خیز دعویٰ کیا۔ اس بار بنگال میں دو مرحلوں میں انتخابات ہو رہے ہیں، جو 23 اور 29 اپریل (بنگال الیکشن 2026) کو ہوں گے۔ اس سے قبل ہی ڈائمنڈ ہاربر کے رکن پارلیمان میدان میں اتر چکے ہیں اور امیدواروں کی حمایت میں پے در پے جلسے کر رہے ہیں۔ بدھ کے روز انہوں نے داس پور اسمبلی حلقہ کے امیدوار آشیش ہدائت کی حمایت میں جلسہ کیا اور وہیں سے بی جے پی کے خلاف یہ سنگین الزامات لگائے۔
ابھیشیک بنرجی نے کہا، ”میرے دفتر سے جو بوتھ لیول ایجنٹ (BLA) منسلک ہیں، ان میں سے بہت سے لوگوں نے مجھے بتایا ہے کہ بی جے پی کے دہلی دفتر سے انہیں فون آ رہے ہیں۔ ان سے کہا جا رہا ہے کہ بہت ترنمول کر لی، اب اور نہیں۔“ لیکن ترنمول کے لیے یہ بی ایل اے-2 ہی اصل طاقت ہیں، اور ابھیشیک نے بی جے پی کو خبردار کیا کہ وہ کبھی ترنمول کے ساتھ غداری نہیں کریں گے۔ تاہم، انہوں نے ان تمام بی ایل اے-2 ایجنٹوں کو مشورہ دیا، ”جن کے پاس فون آ رہے ہیں، وہ فون اٹھائیں۔ اگر بی جے پی سے رقم کی پیشکش ملے تو سودے بازی کریں۔ اگر وہ دو ہزار روپے دینا چاہتے ہیں تو بحث کر کے اسے پانچ ہزار کرائیں۔ اگر پانچ ہزار دیں تو دس ہزار مانگیں، اور اگر دس ہزار دینا چاہیں تو پچاس ہزار روپے مانگیں۔ کیونکہ یہ پیسہ آپ کا ہی ہے۔ پیسہ بی جے پی سے لیں اور ووٹ ‘جوڑا پھول’ (ترنمول) کے لیے کروائیں۔“

