سلیم نے نوجوانوں سے دہلی پولس کے مظالم کو بے نقاب کرنے کو کہا
سلیم نے نوجوانوں سے دہلی پولس کے مظالم کو بے نقاب کرنے کو کہا

سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری محمد سلیم نے پیر کو دہلی میں پرامن طلباءپر پولیس کے مظالم کی ویڈیوز دیکھنے سے سپریم کورٹ کے انکار پر سوال اٹھایا اور کہا کہ اگر عدلیہ ناکام ہو گئی ہے تو نوجوانوں کو یہ ذمہ داری لینی چاہیے کہ وہ ریاستی تشدد کے مناظر ملک کے عوام کے سامنے پھیلائیں۔دہلی پولیس نے طلباء مظاہرین پر تشدد کیا جب وہ کاکروچ جنتا پارٹی کے مطالبے پر نیٹ کے سوالیہ پرچے کے رساو کے تناظر میں نریندر مودی حکومت سے جواب طلبی اور مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے پارلیمنٹ کی طرف مارچ کر رہے تھے۔
سی پی ایم کی یوتھ ونگ ڈی وائی ایف آئی کے کلکتہ یونٹ کی جانب سے سوبودھ ملک اسکوائر پر کرپشن سے پاک کلکتہ میونسپل کارپوریشن اور خالی آسامیوں پر مستقل ملازمین کی بھرتی کے مطالبے پر منعقدہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سلیم نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ دہلی پولیس کی طرف سے پرامن مظاہرین پر کیے گئے تشدد کی خوفناک ویڈیوز کو عام کریں۔
انہوں نے کہا، "عدالت نے کہا ہے کہ اس کے پاس ویڈیوز دیکھنے کا وقت نہیں ہے۔ کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ عدالت صرف بااثر شخصیات سے متعلق فوٹیج دیکھے گی؟ دہلی پولیس نے احتجاج کرنے والے طلباء پر مظالم ڈھائے، اور عدالت نے ان تصاویر کو دیکھنے سے انکار کر دیا۔ لہٰذا، یہ نوجوانوں اور طلباءکی ذمہ داری ہے کہ وہ دہلی پولیس کی غنڈہ گردی کے تمام ایسے مناظر کو عوام کے سامنے لائیں۔ میں آپ سے کہتا ہوں کہ پرامن مظاہرین پر ہونے والے تشدد کی تمام ویڈیوز اکٹھی کریں اور انہیں عوام میں پھیلائیں تاکہ دہلی پولیس کی طرف سے احتجاجی طلباء پر کیے گئے وحشیانہ حملے کو دکھایا جا سکے۔سلیم نے کہا کہ جہاں نریندر مودی حکومت نے طلباءکے خلاف جنگ کا اعلان کر دیا ہے، وہیں امیت شاہ کی دہلی پولیس نے یہ ظاہر کیا کہ ہتھیار فسادی غنڈوں یا بدعنوانوں کے لیے نہیں ہیں؛ بلکہ وہ مظاہرین کے خلاف استعمال کیے گئے۔

