
ہبّا شیامل کا ساتھی بدنام زمانہ رمیش مہاتو بی جے پی کے اسٹیج پر
ہبّا شیامل کا ساتھی بدنام زمانہ رمیش مہاتو بی جے پی کے اسٹیج پر
کبھی بدنام زمانہ جرائم پیشہ اور ہلاک ہو چکے ہبّا شیامل کا ساتھی رہنے والا رمیش مہاتو خود بھی کئی مجرمانہ مقدمات کا سامنا کر رہا ہے۔ اب یہی ”بدنام زمانہ“ شخص بی جے پی کے اسٹیج پر نظر آیا ہے۔ حال ہی میں ہگلی کے جانگی پاڑہ میں بی جے پی کے ایک پروگرام کے اسٹیج پر اسے دیکھا گیا۔ الزام ہے کہ جانگی پاڑہ کی نیل آکاش گرام پنچایت کے کھڑی گچھیا گاو¿ں میں بی جے پی کے ایک پروگرام میں رمیش مہاتو موجود تھا۔ اسے شال پہنا کر اعزاز بھی دیا گیا۔ ایک بدنام زمانہ جرائم پیشہ شخص کو حکمراں جماعت کے اسٹیج پر کس طرح اعزاز دیا جا سکتا ہے؟ اسی معاملے کو لے کر سیاسی تنازع شروع ہو گیا ہے۔ مقامی بی جے پی رکن اسمبلی نے معاملے کی جانچ کا یقین دلایا ہے۔
ریاست میں اقتدار کی تبدیلی کے بعد بی جے پی اقتدار میں آئی ہے۔ اس وقت یہ پیغام دیا گیا تھا کہ جرائم پیشہ افراد کے لیے معاشرے میں کوئی جگہ نہیں ہے اور جرم میں ملوث افراد جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ شوبھندو ادھیکاری نے بدعنوانی اور بھتہ خوری کے معاملے میں ”زیرو ٹالرنس“ کا پیغام دیا ہے۔ لیکن اسی ماحول میں اب ایک مختلف تصویر سامنے آئی ہے۔ جانگی پاڑہ کے مذکورہ اسٹیج پر رمیش مہاتو کو مقامی بی جے پی رہنماو¿ں کے ساتھ دیکھا گیا۔ اسے اعزاز دیے جانے اور پروگرام کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر پھیل چکی ہیں۔ تاہم ”سنگباد پرتیدن ڈیجیٹل“ نے ان تصاویر کی صداقت کی تصدیق نہیں کی ہے۔
بی جے پی کے اس پروگرام میں علاقے کے ہونہار طلبہ کو کتابیں اور کاپیاں تقسیم کی گئیں۔ رمیش نے اسٹیج سے خطاب بھی کیا۔ اس نے کہا، ”مجھے یہاں مدعو کیا گیا تھا، اسی لیے میں بہت دور سے آیا ہوں۔ پروگرام بہت اچھا ہوا۔“
ایک زمانے میں ہگلی میں دہشت کی علامت سمجھے جانے والے ہبّا شیامل کے خلاف قتل، بھتہ خوری اور زمین پر قبضے سمیت متعدد الزامات تھے۔ کئی سال قبل شیامل کو قتل کر دیا گیا تھا۔ رمیش مہاتو کبھی اس کا قریبی ساتھی تھا۔ رمیش کے خلاف بھی قتل اور بھتہ خوری سمیت متعدد الزامات اور مقدمات درج ہیں۔


