نندی گرام میں ابھیشیک کے ’سیوا آشرم‘ میں لوگوں کا ازدھام، ’شبھیندو کا ہیلتھ کیمپ ویران
نندی گرام میں ابھیشیک کے ’سیوا آشرم‘ میں لوگوں کا ازدھام، ’شبھیندو کا ہیلتھ کیمپ ویران
نندی گرام 19جنوری :کرسیاں لگی ہیں اور صحت سے متعلق تمام آلات بھی موجود ہیں، لیکن شبھیندو ادھیکاری کے ہیلتھ کیمپ میں لوگ نظر نہیں آئے! دوسری طرف، ’سیوا آشرم‘ ہیلتھ کیمپ میں لوگوں کا ہجوم امڈ آیا۔ اتوار کی چھٹی کے دن اپوزیشن لیڈر شبھیندو ادھیکاری کے حلقہ انتخاب نندی گرام میں ایسی دو متضاد تصویریں سامنے آئیں، جنہیں دیکھ کر مبصرین کا کہنا ہے کہ اسمبلی انتخابات سے قبل یہ منظر تمام سیاسی حساب کتاب بگاڑ سکتا ہے۔
صحت کی خدمات پر زور دینے کے لیے، نئے سال کے آغاز میں ترنمول کے آل انڈیا جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی کی پہل پر نندی گرام اسمبلی کے دو بلاکوں میں 15 روزہ ’سیوا آشرم‘ کیمپ شروع کیا گیا ہے۔ شروع ہی سے اس کیمپ میں لوگوں کا رش سب کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ اس ماڈل ہیلتھ کیمپ میں تقریباً 15 مختلف شعبوں میں علاج کیا جا رہا ہے۔ یہ کیمپ نندی گرام بلاک 1 کے بائی پاس سے ملحقہ میدان اور بلاک 2 کے کھودام باڑی ہائی اسکول کے قریب واقع میدان میں جاری ہیں۔ یہ مہم گزشتہ جمعرات، 15 جنوری سے شروع ہوئی تھی اور محض چار دنوں میں نندی گرام کے ہزاروں لوگ طبی سہولیات حاصل کر کے بے حد خوش نظر آ رہے ہیں۔

