دارجلنگ میں پہلی قومی رینکنگ اسپورٹ کلائمبنگ چیمپئن شپ کا انعقاد، 200 کھلاڑیوں کی شرکت متوقع

دارجلنگ میں پہلی قومی رینکنگ اسپورٹ کلائمبنگ چیمپئن شپ کا انعقاد، 200 کھلاڑیوں کی شرکت متوقع

دارجلنگ میں بدھ سے پہلی قومی رینکنگ اسپورٹ کلائمبنگ چیمپئن شپ شروع ہونے جا رہی ہے، جس میں ملک بھر سے تقریباً 200 کھلاڑی حصہ لیں گے۔
تین روزہ ’دارجلنگ کلائمبنگ کپ 2026‘ کا انعقاد ہمالین ماو¿نٹینیرنگ انسٹی ٹیوٹ (HMI) کی جانب سے انڈین ماو¿نٹینیرنگ فاو¿نڈیشن کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔ اس مقابلے میں انڈر 13، انڈر 15، انڈر 17 اور سینئر زمروں میں لیڈ کلائمبنگ اور اسپیڈ کلائمبنگ کے مقابلے ہوں گے۔
HMI کے پرنسپل کرنل رجنیش جوشی نے کہا، ”دارجلنگ میں پہلی مرتبہ قومی رینکنگ اسپورٹ کلائمبنگ مقابلے کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ہمارا مقصد اس شہر کو ہندوستان کا کلائمبنگ کیپیٹل بنانا ہے۔“
واضح رہے کہ اسپورٹ کلائمبنگ اب اولمپک کھیلوں کا حصہ ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں حاصل ہونے والے پوائنٹس کھلاڑیوں کی ملک گیر مجموعی رینکنگ طے کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
منتظمین کے مطابق ملک بھر سے تقریباً 200 کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے۔ اس قومی پلیٹ فارم پر نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
لیڈ کلائمبنگ میں کھلاڑیوں کو مقررہ وقت کے اندر ایک مخصوص راستے پر زیادہ سے زیادہ بلندی تک پہنچنا ہوتا ہے، جبکہ اسپیڈ کلائمبنگ میں کھلاڑی ایک مقررہ راستے پر تیزی سے اوپر چڑھنے کا مقابلہ کرتے ہیں۔ ان دونوں مقابلوں میں طاقت، تکنیک اور پھرتی کے مختلف مظاہرے دیکھنے کو ملیں گے۔
منتظمین نے بتایا کہ بدھ کے روز مغربی بنگال کے کھیل اور نوجوانوں کی خدمات کے وزیر مملکت اندرنیل خان اس تقریب کے مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ اولمپین اور ہندوستانی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان بھارت چھیتری، جو کالمپونگ کے رکن اسمبلی بھی ہیں، مہمانِ اعزازی ہوں گے۔
اس کے علاوہ قومی سطح کی ہاکی کھلاڑی نشا گرونگ، سابق بین الاقوامی کراٹے چیمپئن شیہان سوشن تھاپا اور بین الاقوامی کک باکسنگ چیمپئن نشا راو¿تھ سمیت کئی دیگر معروف کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ شوبھندو ادھیکاری کو اختتامی دن کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے، تاہم ان کی شرکت کی ابھی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

Back to top button
Translate »